بانہال میںآوارہ کتوں کے حملے میں3کم عمر بچوں سمیت 5افراد زخمی

محمد تسکین

بانہال// سابقہ جموں سرینگر قومی شاہراہ پر واقع بانہال کے گنڈ ٹھٹھاڑ علاقے میں آوارہ کتوں کے حملے میں تین کم عمر بچوں سمیت کم از کم پانچ آفراد زخمی ہوئے ہیں اور انہیں سب ضلع ہسپتال بانہال منتقل کیا گیا ہے۔ بانہال کے گنڈ ٹھٹھاڑ علاقے میں آواہ کتوں نے تین الگ الگ مقامات پر انسانوں پر حملے کئے جس کے نتیجے ایک خانہ بدوش اور دو مقامی بچوں سمیت پانچ افراد حملہ آور کتوں کے کاٹنے کی وجہ سے زخمی ہوئے ہیں اور چار زخمیوں کو فوری علاج کیلئے بانہال ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ ہسپتال پہنچانے گئے چار زخمیوں کی شناخت 10 سالہ مومن رشید سکنہ گنڈ ٹھٹھاڑ ، سات سالہ ہادیہ ریاض سکنہ ٹھٹھاڑ ، 28 سالہ طارق احمد شیخ سکنہ گنڈ ٹھٹھاڑ اور پچاس سالہ محمد صادق شیخ سکنہ گنڈ ٹھٹھاڑ بانہال کے طور کی گئی ہے جبکہ زخمیوں میں ایک خانہ بدوش کنبے کا ایک فرد بھی کتے کے حملے میں زخمی ہوا ۔ ہسپتال ذرائع نے بتایا کہ ہسپتال پہنچائے گئے زخمیوں کو اینٹی ریبیز سمیت دیگر ضروری ادویات دی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سب کی حالت بہتر ہے اور انہیں نگہداشت میں رکھا گیا ہے۔