ٹریفک جام اور سست رفتار ی کے ساتھ قومی شاہراہ پر آمد ورفت جاری

 محمد تسکین

بانہال//پچھلے کئی روز سے جموں سرینگر قومی شاہراہ پر رامسو اور بانہال کے سیکٹر میں گھنٹوں تک جاری رہنے والے ٹریفک جام کی وجہ سے عام لوگوں ، مسافروں اور وادی کشمیر کی سیاحت پر آنے والے سیاحوں کو ناقابل بیان مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔جمعرات کی صبح سے ہی ابر و آلود موسم کے بیچ جموں سریںگر قومی شاہراہ پر دو طرفہ مسافر بردار گاڑیوں کو چلنے کی اجازت تھی اور صبح سے ہی رامسو ، شیر بی بی اور بانہال کے علاقوں میں ٹریفک جام تھا اور ٹریفک کی نقل وحرکت حرکت سست روی کا شکار تھی تاہم گزشتہ دنوں کے مقابلے میں ٹریفک جام کی شدت بہت کم تھی۔ ٹریفک پولیس حکام نے کشمیر عظمی کو بتایا کہ شاہراہ پر مسافر بردار ٹریفک کو دونوں طرف سے چلنے کی اجازت دینے کے بعد سہہ پہر سے قاضی گنڈ سے مال بردار گاڑیوں کو جموں کی طرف بحال کیا گیا ہے اور یہ سلسلہ شام تک جاری تھا۔ انہوں نے کہا کہ کہ ناشری اور بانہال کے درمیان متعدد مقامات پر سڑک کی یکطرفہ اور خراب حالت اور خانہ بدوش بکر والوں ش کی اپنے مال مویشی کو لیکر وادی کشمیر کی طرف سالانہ ہجرت کے پیش نظر ٹریفک کی نقل و حرکت سست اور بعض اوقات وقفے وقفے کے ٹریفک جام کی صورت اختیار کر جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مجموعی طور پر ٹریفک چل رہا ہے اور معمول کا ٹریفک اپنی منزلوں کی طرف بڑھ رہا ہے یا پہنچ چکا ہے۔