تازہ بارشوں کے باوجود قومی شاہراہ پر ٹریفک جاری ناشری اور بانہال کے درمیان آمدورفت سست روی کا شکار رہی :حکام

محمد تسکین

بانہال //بدھ کی دوپہر بعد ہوئی بارشوں کے باوجود جموں سرینگر قومی شاہراہ پر دونوںطرف سے ٹریفک کی نقل وحرکت جاری ہے تاہم معمول کی طرح ناشری اور بانہال کے درمیان کئی مقامات پر سڑک کی خراب حالات کے پیش نظر ٹریفک کی آمدورف سست روی کا شکار رہی۔ رام بن اور بانہال کے سیکٹر میں کئی جگہوں پر ٹریفک جام بھی رہا تاہم یہ جامنگ گزشتہ چار روز کے ٹریفک جام کے مقابلے میں کم اور وقفے وقفے سے تھا۔بدھ کی صبح سے ہی بانہال اور رام بن کے سیکٹر میں دھوپ اور بادلوں کا سلسلہ جاری رہا اور دوپہر بعد بانہال سیکٹر میں اچانک سے تیز بارشوں کا سلسلہ شروع ہوا جو کچھ وقت تک جاری رہا اور اس کے بعد مطلع آبروالود اور بیچ بیچ میں دھوپ بھی نکلتی رہی۔ ٹریفک پولیس حکام نے کشمیر عظمی کو بتایا کہ بدھ کی صبح سے ہی معمول کے ٹریفک میں مسافر گاڑیوں کو دونوں طرف سے چلنے کی اجازت تھی جبکہ مال اور ایندھن بردار ٹریفک کو جموں سے وادی کشمیر کی طرف چلنے کی اجازت تھی۔ انہوں نے کہا کہ دوپہر بعد ہوئی بارشوں کے باوجود شاہراہ کا ٹریفک معمول کے مطابق چلتا رہا تاہم کئی مقامات پر سڑک کی سطح کی خرابی ، سڑک کے تنگ ہونے اور گوجر بکروال طبقے کی طرف سے بھیڑ بکریاں لیکر کی جارہی سالانہ ہجرت کی وجہ سے ناشری اور بانہال کے درمیان کئی مقامات پر ٹریفک کی رفتار سست رہی۔ انہوں نے کہا کہ ٹریفک جام کے اکا دْکا واقعات کو چھوڑ کر شاہراہ پر مجموعی طور پر ٹریفک معمول کے مطابق چلتا رہا۔