چمپئنز لیگ مانچسٹر سٹی کو ہراکر رئیل میڈرڈ سیمی فائنل میں داخل

عظمیٰ نیوز سروس

مانچسٹر//210 منٹوں تک برابر رہنے والے کوارٹر فائنل کا آخر کار نتیجہ پنالٹی شوٹ آئوٹ کی صورت میں برآمد ہوا جس میں 14مرتبہ کے چمپئن رئیل میڈرڈ نے دفاعی چمپئن مانچسٹر سٹی کو شکست دے کر چمپئن لیگ کے سیمی فائنل میں جگہ یقینی بنالی۔ مانچسٹر کے اتحاد اسٹیڈیم میں کھیلے گئے دوسرے مرحلے کے میچ میں مقررہ وقت تک دونوں ٹیمیں ایک ایک سے برابر تھیں، پہلے مرحلے میں بھی دونوں ٹیمیں3-3 سے برابر تھیں ۔ اس کے بعد پنالٹی شوٹ آئوٹ میں رئیل میڈرڈ کے گول کیپر اینڈری لونن نے 2اسپاٹ کک کا دفاع کر کے اپنی ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔ اب سیمی فائنل میں ان کا مقابلہ بائرن میونخ سے ہوگا جس نے ہوم گرائونڈ پر آرسنل کو ایک صفراور مجموعی طور پر2-3سے شکست دی۔ رئیل میڈرڈ کے کوچ کارلو اینسیلوٹی تکنیکی طور پر کتنے قابل ہیں یہ بات کسی سے چھپی نہیں ہے۔ انہوں نے میچ کے دوران اپنے معمول کے طرز کے کھیل کے برعکس دفاعی انداز اپنایا۔ مانچسٹر سٹی کے دھماکہ خیز حملے کے باوجود انہیں صرف ایک گول کرنے کا موقع ملا۔ انہوں نے پنالٹی شوٹ آئوٹ کو ذہن میں رکھتے ہوئے تبدیلیاں کیں اور اس کا فائدہ انہیں شوٹ آئوٹ میں ملا۔ دوسری جانب جارحانہ انداز میں کھیل کر اپنا سب کچھ دینے والی دفاعی چمپئن ٹیم کی تبدیلیاں ان کے حق میں نہیں گئیں ۔ آخری پنالٹی کیلئے گول کیپر ایڈرسن کو خود آنا پڑا۔ برنارڈو سلوا اور کوواکچ اسپاٹ کک میں ناکام رہے۔ رئیل میڈرڈ نے مانچسٹر سٹی کو پنالٹی شوٹ آئوٹ میں 3-4سے شکست دے کر چمپئن لیگ فٹبال کے سیمی فائنل میں داخلہ حاصل کرلیا۔ اس کے ساتھ ہی رئیل میڈرڈ نے ریکارڈ15واں خطاب جیتنے کی جانب اگلا قدم بڑھادیا ہے۔ دریں اثنا اس شکست کے ساتھ سٹی کا لگاتار دو چمپئنز لیگ خطاب جیتنے والی پہلی انگلش ٹیم بننے کا خواب بھی چکنا چور ہوگیا۔ بائرن میونخ کی ٹیم شاید آرسنل کے خلاف دعویدار کے طور پر نہیں اتری تھی لیکن پہلے مرحلے کا میچ ڈرا ہوا اور ٹیم نے دوسرے مرحلے میں برتری حاصل کر کے اپنے ارادوں کا اظہار کر دیا۔ اس سیزن کی فائنل ٹرافی کا تعاقب کرنے والی بائرن میونخ نے پورے میچ میں جارحانہ انداز اپنایا اور آرسنل کو دفاعی انداز میں کھیلنے پر مجبور کیا۔