پیر پنچال کے پہاڑوں پر سفید چادر بچھ گئی| وادی ،بانہال و کشتواڑ میں برف و باراں سرینگرلیہہ ،سنتھن شاہراہ اور مغل روڈ ٹریفک کیلئے بند

پرویز احمد

سرینگر// لداخ کے لیہہ کے علاوہ گلمرگ سمیت وادی کشمیر کے بالائی علاقوں میں ہلکی برفباری ہوئی۔ محکمہ موسمیات نے بتایاکہ9 دسمبر کی شام سے 10 دسمبر کے روز تک وادی کے میدانی علاقوں میں بارشیں یا 1یا2 انچ اور بالائی علاقوں میں تقریباً 10 انچ تک ہلکی برفباری کی پیش گوئی کی تھی۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ گلمرگ میں 0.6 سینٹی میٹر اور لیہہ میں 0.5 سینٹی میٹر برف باری ہوئی ۔ سونمرگ اور وادی کے کچھ بالائی علاقوں کے علاوہ کشتواڑسے برف باری کی اطلاعات ہیں۔سرینگر میں ہلکی بوندا باندی ہوئی۔ جمعہ اعلیٰ الصبح ضلع کشتواڑ کے بالائی علاقوں میں برف باری کا سلسلہ شروع ہوا جس کے نتیجے میں لوگ گھروں میں محصور ہو کررہ گئے۔ضلع کے بالائی علاقوں میں کئی انچ تازہ برف باری ریکارڈ کی گئی، وڈون میں تین انچ کے قریب برف جمع ہوئی جبکہ مڑواہ ، پاڈر ، بونجواہ میں بھی تازہ برف بار ی کے سبب اہم شاہراوں پر ٹریفک کی نقل وحمل متاثر ہوئی۔

 

تازہ برف باری کے بعد ضلع انتظامیہ نے سنتھن شاہراہ پر ٹریفک کی نقل حمل کو روک دیا ہے۔ ادھرزوجیلا پر تازہ برف باری کے بعد جمعہ کو سری نگرلیہہ سڑک کو گاڑیوں کی آمدورفت کے لیے بند کر دیا گیا۔جمعرات کو گومری، منی مرگ، سونہ مرگ اور زوجیلا میں تازہ برفباری ہوئی۔ان کا کہنا تھا کہ پیر کی گلی علاقے میں ہلکی برفباری کی وجہ سے مغل روڑ پر گاڑیوں کو آمد و رفت روک دی گئی۔تاہم سرینگر جموں شاہراہ پر آمد و رفت جاری رہی۔ادھرجمعہ کی صبح بانہال اور رام بن سیکٹر میں وقفے وقفے سے بارشیں ہوئیں اور پہاڑوں پر ہلکی برفباری ہوئی ۔ میدانی علاقوں میں بارشوں اور پہاڑوں پر برفباری کا یہ سلسلہ دوپہر کے وقت تھم گیا۔ بانہال ، کھڑی ، پوگل پرستان ، گول اور بٹوٹ اور پیر پنجال رینج کے جواہر ٹنل ، مہو منگت کے اوپر پہاڑی علاقوں میں تازہ برفباری ہوئی ۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ12 اور 13 دسمبر کی رات کو ایک اور کمزور مغربی ہوائیں جموں و کشمیر میں پھر داخل ہونگی۔انہوں نے کہا کہ اس کے بعد 18 نومبر تک موسم خشک رہنے کی توقع ہے۔ سرینگر میں گزشتہ رات کم از کم 1.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔قاضی گنڈ میں گزشتہ رات منفی 3.0 پہلگام میںکم سے کم 0.7 ، کوکرناگ میں 1.1 ، گلمرگ میں 3.0 اور کپواڑہ میں، پارہ 1.0 رہا۔جموں میں درجہ حرارت 12.7 ، بانہال میں 4.8 ،بٹوٹ میں 4.4 ، کٹرہ میں 11.0 اور بھدرواہ میں 4.5 ریکارڈ کیا گیا۔ لداخ، لیہہ میں منفی 4.8 ، کرگل منفی 5.6 ° C اور دراس میں، 5.6 ریکارڈ کیا گیا۔