’پکا مکان سب کیلئے‘ ۔35ہزارمستفیدین کو براہ راست رقم منتقل

نیوز ڈیسک

جموں// لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے سول سیکرٹریٹ میں پردھان منتری آواس یوجنا-گرامین کے تحت 35,097 مستفیدین کے بینک کھاتوں میں براہ راست ? 149.17 کروڑ کی قسطیں منتقل کیں۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ PMAY-G استفادہ کنندگان کے بنیادی سہولیات کے ساتھ ’پکے گھر‘ کے خواب کو پورا کرے گا، ان کی عزت نفس، سماجی حیثیت اور معیار زندگی میں اضافہ کرے گا۔

 

اس بات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہ غریب اور کمزور طبقے کی فلاح و بہبود UT انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے، لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ PMAY-G حقیقی طور پر بے گھر افراد، خستہ حال مکانوں میں رہنے والوں اور کمزور گروہوں سے تعلق رکھنے والی خواتین اور گھرانوں کی ایک بڑی تعداد کو فائدہ پہنچاتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بنیادی ضروریات کی امداد دیہی ترقی کو تحریک دے گی اور غریب ترین افراد کو بااختیار بنائے گی۔ لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ ہمارا مقصد ایک مضبوط اور خوشحال دیہی جموں و کشمیر کی تعمیر ہے۔ایک سست آغاز ہونے کے باوجود، جموں و کشمیر نے ’سب کے لیے مکان‘ کے وڑن کو عملی جامہ پہنانے میں رفتار حاصل کی ہے۔ ہمارا ہدف 2 لاکھ سے زیادہ گھر بنانے کا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بجلی، بیت الخلا، پینے کا پانی، ایل پی جی کنکشن اور پی ایم اے وائی-جی گھروں کے لیے دیگر سہولیات جیسی بنیادی ضروریات کو دیگر سرکاری اسکیموں کے ذریعے پورا کیا جا رہا ہے۔انہیںبتایا گیا کہ 2,00,619 مکانات کے ہدف کے مقابلے میں 1,03,577 مکانات مکمل ہو چکے ہیں۔