پونچھ میں ہیڈماسٹر اسلحہ سمیت گرفتار | راجوری اور بجبہاڑہ میں 9سرینگر میں ضبط

عشرت حسین بٹ

پونچھ// سیکورٹی فورسز نے پونچھ ضلع کے منڈی علاقے میں ایک سرکاری سکول کے ہیڈماسٹر کو ملی ٹینٹوں کا اپر گروانڈ ورکر قرار دیکر اسکی تحویل سے غیر ملکی ساختہ پستول اور دستی بم برآمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔عہدیداروں نے بتایا کہ 6 سیکٹر کے 39 آر آر، جموں و کشمیر پولیس اور ایس او جی پونچھ کے ساتھ رومیو فورس کی طرف سے ہاری بدھا میں شروع کی گئی ایک مشترکہ کارروائی میں قمر الدین نامی ایک رجسٹرڈ او جی ڈبلیو کو گرفتار کیا گیا ،جو سکول کا ہیڈ ماسٹر ہے۔ اس کے گھر میں تلاشی کے دوران پاکستانی ساختہ پستول اور دو چینی دستی بم بر آمد کئے گئے۔ اُنہوں نے بتایا کہ برآمد اسلحہ پونچھ میں آنے والے الیکشن میں خلل ڈالنے کے لیے استعمال ہونے کا شبہ ہے۔ دفاعی ذرائع نے بتایا کہ بالائی ورکر سے دو چینی دستی بم اور ایک پاکستانی پستول برآمد ہوا ہے۔ اُنہوں نے مزید بتایا کہ ہیڈماسٹر کو گرفتار کر کے سلاخوں کے پیچھے دھکیل دیا گیا ہے اور معاملے کی مزید چھان بین شروع کر دی گئی ہے۔ادھر سیکورٹی فورسز نے اتوار کو جموں و کشمیر کے راجوری ضلع کے ایک گائوں میں دہشت گردوں کے ایک ٹھکانے کا پردہ فاش کیا، جس کے نتیجے میں آٹھ دیسی ساختہ بم، دو وائرلیس سیٹ اور کچھ گولہ بارود برآمد ہوا۔ حکام نے بتایا کہ برآمد شدہ مواد انتہائی زنگ آلود حالت میں تھا، جو اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ یہ ٹھکانا اس وقت استعمال میں تھا جب دہشت گرد ضلع میں دو دہائیوں قبل عسکریت پسندی سے آزاد ہونے سے پہلے کام کر رہے تھے۔انہوں نے بتایا کہ پولیس نے فوج کی مدد سے راجوری شہر سے 30 کلومیٹر دور تھانہ منڈی علاقے کے عظمت آباد گائوں میں تلاشی مہم شروع کی اور ٹھکانے کا پتہ لگایا۔حکام نے بتایا کہ آئی ای ڈیز میں سے ایک کا وزن 1 کلوگرام تھا، باقی سات کا وزن آدھا کلو تھا۔AK-47 رائفل کے تین میگزین، گولہ بارود کے 102 رانڈ، ایک چارجر، اور دو وائرلیس سیٹ ضبط کیے گئے دیگر سامان تھے۔ادھر بجبہاڑہ کے چک پانژھ پورہ میں سیکورٹی فورسز نے معمول کی گشت کے دوران یک آئی دی برآمد کی۔ اس موقعے پر بم ناکارہ بنانے والی ٹیم کو طلب کیا گیا جس نے اسے ناکارہ بنایا۔