منڈی کے دوردراز علاقہ ناگاناڑی کی عوام سڑک سہولت سے محروم لوگ آج بھی کندھوں اور گھوڑوںپر راشن ودیگر سامان لیجانے پر مجبور

عشرت حسین بٹ

منڈی//ضلع پونچھ کی تحصیل منڈی کے دوردراز اور پسماندہ علاقہ ناگاناڑی کی عوام گزشتہ کئی عرصہ سے سڑک کی مانگ کررہی ہےکیونکہ علاقہ میں سڑک کی سہولت نہ ہونے کی وجہ سے مقامی لوگ گوناگوں مشکلات سے دوچار ہیں۔سرکار کی جانب سے لوگوں کی دیرینہ مانگ کو پورا کرتے ہوئے محکمہ تعمیرات عامہ کے زیر اہتمام نبارڈ سکیم کے تحت لوہیل بیلا تا ناگاناڑی سڑک کا تعمیری کام شروع کیا گیا۔ جس کو لیکر علاقہ کے لوگوں میں خوشی کی لہر تھی کہ اب لوگوں کی مشکلات کا ازالہ ہوگا لیکن جس مقام سے سڑک کا تعمیری کام شروع کیا گیا ہے،وہاں کے چند لوگوں کے مطابق وہ براچھڑ کا مقام ہے اور ان لوگوں کا یہ بھی کہنا ہے کہ اس سڑک کا کام ڈی پی آر کے مطابق نہیں لگایا گیا ہے۔ جس کی تردید کرتے ہوئے بن،بن اول،سٹیلاں،ناگاناڑی و دیگر دور دراز ملحقہ علاقوں کے لوگوں نے کہا کہ چند مفاد پرست سڑک کے کام میں بلاوجہ رکاوٹ ڈالنے کی کوشش کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جب سے ہندوستان آزاد ہوا ہے تب سے لیکر آج تک قریب دس دوردراز علاقوں کی عوام سڑک کی سہولیات سے محروم ہے۔انہوںنے کہا کہ لوگ آج بھی زمانہ قدیم کی طرح راشن و دیگر ضروریات زندگی کا سامان اپنے کندھوں پر اٹھا کر یا پھرگھوڑوں پر لاد کر اپنے گھروں تک پہنچاتے ہیں۔ یہی نہیں بلکہ جب بھی ان علاقوں میں کوئی بیمار ہوجاتا ہے تو اُسے چارپائی پر اٹھا کر گھنٹوں کا سفر کر کے سڑک تک پہنچاتے ہیں اور اکثر اس دوران کئی مریضوں کی راستے میں ہی موت واقع ہوجاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگرچہ سرکار کی جانب سے لوہیل بیلا تا ناگاناڑی سڑک کا تعمیری کام ڈی پی آر کے مطابق لگایا گیا ہے تاہم بقول ان کے چند مفاد پرست افراد اس سڑک کو نکلنے نہیں دے رہے ہیںتاہم آزاد ذرائع سے اس الزام کی تصدیق نہ ہوسکی۔لوگوںنے انتظامیہ سے مداخلت کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ جلد از جلد لوہیل بیلا تا ناگاناڑی سڑک کا تعمیری کام پایا تکمیل تک پہنچایا جائے تاکہ اِن دوردراز اور پسماندہ علاقوں کے لوگوں کی مشکلات حل ہوسکیں۔