پنچایت لورن لوئر کے500 زائدافراد فٹ برج کی عدم موجودگی سے پریشان

عشرت حسین بٹ

منڈی//ضلع پونچھ کی تحصیل منڈی کے بلاک لورن کی پنچایت لوئر لورن کی عوام اس ترقی یافتہ دور میں بھی ایک فٹ برج کی عدم موجودگی کی وجہ سے سخت پریشان ہے۔تحصیل منڈی کی پنچایت لورن لوئر کی پانچ سو سے زائد آبادی روزانہ دریا کو ایک لکڑی کی سیم کو پار کر کے اپنے گاؤں کو پہنچتے ہیں جس سے گزرنا ان کے لیے خطرے سے خالی نہیں ۔مکینوں کے مطابق اگر چہ کچھ برس قبل محکمہ تعمیرات عامہ کی جانب سے اس پلُ کی تعمیر کا کام شروع کیا گیا تھا اور اس علاقہ کے لوگوں نے راحت کی سانس لی تھی مگر محکمہ کی جانب سے پلُ کے صرف ستون ہی تعمیر کیے گئے اور باقی کا کام ادھورا چھوڑ دیا گیا۔ مکینوں کا کہنا تھا کہ انہیں لورن، پونچھ یا منڈی پہنچنے کے علاوہ لکڑی کی سیم سے گزرنے کے علاوہ کوئی دوسرا راستہ نہیں ہے جس سے روزانہ طلباء، کام کرنے والے افراد، بزرگ شہری ،مرد و زن اپنی جان ہتھیلی پر لے کر گزرتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پانچ سو سے زائد رہائشیوں کی آبادی کے ساتھ اس فٹ برج کی کمی انہیں خاص طور پر برسات کے موسم میں اہم معاملہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ صورت حال نہ صرف علاقہ کے عوام کو تکلیف دیتی ہے بلکہ اس لکڑی سیم سے گزرنے والے ہر انسان کی زندگی کو بھی خطرے میں ڈالتی ہے۔ لوگوں نے لیفٹیننٹ گورنر انتظامیہ اور ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ سے اپیل کی کہ اس علاقے کے رہائشیوں کی زندگیوں کی حفاظت اور بہبود کو یقینی بنانے کے لیے اس علاقے میں فٹ برج کی تعمیر کی جائے ۔