ٹرکوں کے سفری اوقات طے|| باری باری چلنے کی اجازت چیف سیکریٹری کی زیر صدارت اعلیٰ سطحی میٹنگ میں فیصلہ

سرینگر جموں شاہراہ پر ٹریفک کی نقل و حرکت کا جائیزہ

جموں//چیف سیکریٹری ڈاکٹر ارون کمار مہتا نے منگل کو سرینگر جموں قومی شاہراہ پر ٹریفک کی نقل و حرکت کا جائیزہ لینے کیلئے منعقدہ ایک میٹنگ کی صدارت کی ۔ اجلاس میں ڈویژنل اور ضلعی انتظامیہ ، محکمہ ٹریفک ، پولیس اور نیشنل اتھارٹی آف انڈیا کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی ۔ چیف سیکریٹری نے ہدایت دی کہ محکمہ ٹریفک اسٹیک ہولڈرز کیلئے روزانہ انفارمیشن بلیٹن جاری کرے جس میں قاضی گنڈ سے جکھینی تک بھاری گاڑیوںکے سفر میں لگنے والے وقت ، کیفٹیریا موڑ ۔ مہاڑ میں پتھر گرنے کی وجہ سے ہونے والے وقت کے نقصان اور جموں کیلئے روانگی کیلئے منتظر گاڑیوں کی تعداد کا ذکر کیا جائے ۔ ڈاکٹر مہتا نے ٹریفک پولیس کی طرف سے مضبوط مواصلات اور معلوماتی طریقہ کار کو نافذ کرنے پر بھی زور دیا تا کہ قاضی گنڈ ۔ بانہال مارکیٹ ، شیر بی بی ، پنتھیال ، مہاڑ وغیرہ جیسے اہم مقامات پر ٹریفک کو منظم کیا جا سکے ۔ ٹریفک منیجمنٹ کے حکام سے کہا گیا کہ وہ رام بن اور بانہال کے درمیان اہم راستوں میں لین ڈسپلن کو نافذ کرنے کے علاوہ ٹریفک کو بہترین طریقے سے منظم کرنے کیلئے تمام ذرائع سے افرادی قوت کی ضرورت کو پورا کرے ۔

 

موسمی نقل مکانی کیلئے قبائلی امور کے محکمے اور ڈپٹی کمشنروں کو اس بات کو یقینی بنانے کی ہدایت دی گئی کہ قومی شاہراہ خاص طور پر قاضی گنڈ اور رام بن کے درمیان کسی بھی’’ ڈیرے ‘‘کو جانے کی اجازت نہ دی جائے اور انہیں اپنے مویشیوں اور خاندان کے افراد کو لے جانے کیلئے مناسب گاڑیاں فراہم کی جائیں ۔ متعلقہ ضلعی انتظامیہ سے کہا گیا کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ لاوارث مویشی ہائی وے پر نہ پھریں ۔ پریشانی سے پاک نقل و حرکت کو یقینی بنانے کیلئے یہ فیصلہ کیا گیا کہ بھاری مال بردار گاڑیوں کے قافلے کو صبح 11 بجے سے قاضی گنڈ سے رات 9 بجے تک متبادل دنوں میں جانے کی اجازت دی جائے گی ۔ اس میں کہا گیا کہ ڈرائیوروں کو مناسب طریقے سے آگاہ کیا جائے کہ وہ شاہراہ پر کہیں بھی اپنی گاڑیاں کھڑی نہ کریں ۔ مزید براں ضلع انتظامیہ رام بن کو ہدایت دی گئی کہ وہ بانہال مارکیٹ میں مناسب افرادی قوت اور ٹریفک منیجمنٹ ٹیم کی تعیناتی کو یقینی بنائے تا کہ سڑک کے کنارے گاڑیوں کی پارکنگ اور ریڈی والوں کے ذریعہ سڑک پر قبضے کی اجازت نہ دینے کو یقینی بنایا جا سکے ۔ اس میں کہا گیا کہ پبلک ٹرانسپورٹرز کو بھی قائل کیا جائے کہ وہ مسافروں کی سواری کیلئے اپنی گاڑیاں قومی شاہراہ پر کھڑی نہ کریں بلکہ اس مقصد کیلئے مخصوص جگہوں کو ہی استعمال کریں ۔ میٹنگ کے دوران ڈویژنل انتظامیہ کشمیر سے کہا گیا کہ وہ ایچ ایم ویز کو مغل روڈ استعمال کرنے کی ترغیب دیں اور اے ڈی جی جموں کو ساتھ ہی ساتھ پوشانہ چوکی کے بہتر انتظام کو یقینی بنانے کیلئے کہا گیا تا کہ موقع پر گاڑیوں کی چیکنگ کو تیز کیا جا سکے ۔ مزید یہ کہ ہائی وے اتھارٹی حکام کو ہدایت دی گئی تھی کہ وہ کیفٹیریا موڑ اور مہاڑسے کیچڑ کی صفائی ، بانہال اور رام بن کے درمیان گڈھے والے حصے کو بلیک ٹاپ کرنے ، ٹی ۔ 5 ٹنل کی تکمیل اور رامسو ۔ رامپاری ۔ شیر بی بی حصے کو چوڑا کرنے کیلئے پچھلی میٹنگ کے دوران دی گئی ٹائم لائن پر عمل کرے ۔ میٹنگ میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ کیفٹیریا ۔ مہاڑ سیکشن کو مستحکم کرنے کیلئے اٹھائے جانے والے اقدامات کیلئے سی بی آر آئی ، روڑکی اور آئیآئی ٹی جموں کی مشترکہ مطالعاتی ٹیم کی مناسب سفارشات لی جائیں اور اٹھارٹی کی طرف سے اسے تیزی سے نافذ کیا جائے تا کہ ہائی وے پر سفر کا وقت کافی حد تک کم ہو جائے ۔