نجی ملازمین کیلئے راحت متوقع کم از کم اجرت کی حد میں اضافے پر غورشروع

 ٹی ای این

سرینگر//ایمپلائز پراویڈنٹ فنڈ آرگنائزیشن (ای پی ایف او) لاکھوں غیر منظم مزدوروں اور کارکنوںکو اپنے دائرہ کار میں لانے کیلئے ماہانہ کم از کم اجرت کی حد کو اب 15,000 روپے سے بڑھانے پر غور کر رہی ہے۔ کم از کم اجرت کی حد میں آخری اضافہ 2014 میں 6500 روپے سے بڑھا کر 15000 روپے کیا گیا تھا۔اس معاملے پر لگاتار سنٹرل بورڈ آف ٹرسٹی (سی بی ٹی) کے اجلاسوں میں تبادلہ خیال کیا گیا ہے، جو سماجی تحفظ کی تنظیم کا فیصلہ ساز ادارہ ہے۔ مرکزی حکومت کی کم از کم اجرت 18,000 روپئے ہے لیکن 2014 سے ہماری اجرت کی حد اب بھی 15000 روپئے ہے۔اس طرح بہت سے کنٹریکٹ ورکرز سماجی تحفظ کے فوائد سے محروم ہیں۔ ملازم نمائندوں نے اس وقت اجرت کی حد کو بڑھا کر 25000 روپے بڑھانے کی تجویز پیش کی جب بورڈ نے اس سال کے شروع میں فروری میں اپنے 290 ملین سے زیادہ صارفین کے لیے شرح سود کا فیصلہ کرنے کے لیے میٹنگ کی تھی۔ بورڈ میں ملازم کے ایک نمائندے پربھاکر جے بناسور نے بھی پچھلے سال اکتوبر کی میٹنگ میں اس حد کو بڑھا کر 25,000 روپے کرنے کی تجویز دی تھی، کیونکہ کئی ریاستوں میں کم از کم اجرت 22,000اور 25,000 روپے کے درمیان ہے۔ انہوں نے کہاکہ اس کا اطلاق مختلف کمپنیوں، خاص طور پر سیمنٹ کی صنعت میں ملازمین پر ہوتا ہے۔یہاں تک کہ ایمپلائز اسٹیٹ انشورنس کارپوریشن (ESIC)، جو کارکنوں کو صحت کی دیکھ بھال کے فوائد فراہم کرتی ہے اور وزارت محنت کے انتظامی کنٹرول میں آتی ہے 2017 سے 21,000 روپے کی اجرت کی زیادہ سے زیادہ حد رکھتی ہے۔سماجی تحفظ کی دو اسکیموں کے تحت اجرت کی حد کو ہم آہنگ کرنے پر بھی بات چیت کی گئی۔ دیگر شعبوں کے علاوہ، بڑھتی ہوئی مہنگائی کی وجہ سے پنشن کی کم از کم رقم 1000 روپے سے بڑھا کر 3000 روپے کرنے پر غور کیا گیا۔