بجٹ کی پائیدار ترقیاتی اہداف کے ساتھ ہم آہنگی انتظامی افسران اور اقوم متحدہ ترقیاتی پروگرام کے ماہرین کو ذمہ داری تفویض

 بلال فرقانی

سرینگر// حکومت نے جموں کشمیر میں پائیدار ترقیاتی اہداف(ایس ڈی جی) کے ساتھ بجٹ کو منسلک کرنے کا فیصلہ لیا ہے تاکہ 2030 تک مقررہ اہداف کے حصول کو یقینی بنایا جاسکے۔اہداف کی حصولیابی کیلئے حکومت نے8افسران اور اقوام متحدہ ترقیاتی پروگرام کے3تکنیکی ماہرین پر11رکنی پینل تیار کیا ہے۔ اس پینل کو جموں کشمیر میں پائیدار ترقیاتی اہداف(ایس ڈی جی) طریقہ کار کا احاطہ کرنے اور اہم سرگرمیوں کی نشاندہی کرنا ہے۔پینل کو بجٹ تخمینہ مختص کرنے کی نگرانی کا نظام(بیمس) کے پورٹل اور اس کے پائیدار ترقیاتی اہداف کے جوڑنے کو عمل کو سمجھنے کی ذمہ داری دی گئی ہے۔یہ پینل پائیدار ترقیاتی اہداف و مقاصد کے ساتھ سکیموں و سرگرمیوں سے متعلق تفصیلات کی منصوبہ بندی بھی کرے گا۔

 

پائیدار ترقی کے اہداف جنہیں عالمی اہداف بھی کہا جاتا ہے، کو 2015 میں اقوام متحدہ کے تمام رکن ممالک نے غربت کے خاتمے، کرہ ارض کی حفاظت اور 2030 تک تمام لوگوں کو امن اور خوشحالی سے لطف اندوز ہونے کو یقینی بنانے کے لیے ایک عالمی کال کے طور پر اپنایا تھا۔پینل مختلف محکموں کے ذریعے رپائیدار ترقیاتی اہداف کے تحت اہداف اور مقاصد کے حصول کی نگرانی کرے گی۔ یہ کمیٹی پائیدار ترقیاتی اہداف ایکشن پلان کو’ ایس ڈی جی‘ کارڈی نیشن مرکز سے حاصل کرے گی۔ پینل کی کمان ترقی و منصوبہ بندی اور نگرانی محکمہ کے انتظامی سیکریٹریوں کو سونپی گئی ہے،جبکہ پی ایم اینڈ سی ای و ترقی،منصوبہ بندی و نظارت کے ڈائریکٹر جنرل،محکمہ ترقی و منصوبہ بندی کے ڈائریکٹر فائنانس،اسی محکمہ کے ڈائریکٹر پائیدار ترقیاتی اہداف(ایس ڈی جی)، این آئی سی کے سائنسدان،ایف راجیش کمار، محکمہ خزانہ کے ڈُٹی ڈائریکٹر بجٹ، محکمہ ترقی و منصوبہ بندی کے ڈپٹی ڈائریکٹر اور چیرمین کی طرف سے نامزد کوئی اور رکن اس پینل کے ممبران ہونگے۔پینل میں اقوم متحدہ ترقیاتی پروگرام کے تکنیکی ماہرین برائے پائیدار ترقیاتی اہداف میں شامل پالیسی تجزیہ کار و و’یو این ڈی پی ‘‘ کے جموں کشمیر میں پائیدار ترقیاتی اہداف کارڈی نیشن کمیٹی کے رتن رنجن، جموں کشمیر میں’یو این ڈی پی‘ کے پائیدار ترقیاتی اہداف کارڈی نیشن کمیٹی کے تحقیقی معاون ڈاکٹر تنو کٹھوریہ اور جموں کشمیر میں’یو این ڈی پی‘ کے پائیدار ترقیاتی اہداف کارڈی نیشن کمیٹی کے پروجیکٹ ایسو سیٹ و ڈاتا تجزیہ کار گنشام سنگھ شامل ہیں۔