موسم میں بہتری کے بعد مغل شاہراہ پر بحالی کا کام شروع آج شاہراہ کو یکطرفہ ٹریفک کےلئے کھول دیا جاے گا:حکام

عشرت حسین بٹ
پونچھ// منگل کو تاریخی مغل شاہراہ سے تازہ برف اور ملبہ ہٹانے کا کام شروع کر دیا گیا اور آج شاہراہ کو یکطرفہ ٹریفک آمد و رفت کے لیے کھول دیا جائے گا ۔بتا دیں کہ گزشتہ چار روز تک جاری رہنے والی شدید بارش اور ہلکی برف باری کی وجہ سے مغل شاہراہ پر پھسلن اور بھاری پسیوں کی وجہ سے حکام نے شاہراہ کو ٹریفک آمد رفت کے لیے بند کر دیا تھا ۔حکام نے منگل کو بتایا کہ موسم میں بہتری کے بعد حکام نے شاہراہ سے ملبہ صاف کرنے کا کام شروع کر دیا۔ ایگزیکٹیو انجینئر مغل روڈ شوکت علی نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ بفلیاز کی جانب سے پیر کی گلی تک شاہراہ پر متعدد جگہ بھاری ملبہ جمع ہوا تھا جسے ہٹانے کا کام منگل دیر شام تک جاری رہا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ آج شاہراہ کو یکطرفہ ٹریفک کے لیے کھول دیا جائے گا۔ واضح رہے کہ مغل شاہراہ خطہ پیر پنچال کو وادی سے ملانے والا جموں سرینگر قومی شاہراہ کے بعد دوسرا واحد راستہ ہے جسے سال کے کم از کم تین ماہ برف باری کے باعث بند رہنا پڑتا ہے۔