مغل روڈ بحالی کے چند گھنٹوں بعد پھر بند گاڑیوں کی ہموار نقل و حرکت کیلئے سڑک کے حالات موزون نہیں:حکام

سمت بھارگو+جاوید اقبال

راجوری+پونچھ // سرکاری حکام نے اگلے احکامات تک مغل روڈ پر گاڑیوں کی نقل و حرکت پر پابندی عائد کر دی ہے کیونکہ اس سڑک کی حالت خطرناک حالت ہے جس میں خاص طور پر پتھروں کے مسلسل گرآنے اور پھسلن والے حالات کو ٹریفک کی روانی کیلئے خطرناک سمجھا جا رہا ہے۔اس سے قبل یہ سڑک ہفتہ کے بعد سے تین دن تک بند رہی اور بدھ کو ہی گاڑیوں کی آمدورفت کےلئے بحال کی گئی تھی۔حکام نے بتایا کہ سڑک اتوار، پیر اور منگل سمیت تین دن تک بند رہی اور بدھ کی صبح اسے بحال کر دیا گیاتھاتاہم، سڑک ٹریفک کی ہموار روانی کے لیے خطرناک پائی گئی ہے۔ تاہم محض تین گھنٹے بعد مانسر موڑ کے قریب پھر پسی گرآئی اور متعلقہ حکام کو ایک بار پھر مغل شاہراہ کو بند کرنا پڑا ۔ ٹریفک انچارچ مغل روڈ کا کہنا ہے کہ رک رک کر مغل روڈ پر پتھر آرہے ہیں اور کئ گاڑیوں کو پتھر لگے ہیں البتہ کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ہے۔انہوںنے کہا کہ روڈ کی حالت کو دیکھتے ہوئے انتظامیہ نے روڈ بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے کیوںکہ موسم بھی ٹھیک نہیں ہے اور جب تک انتظامیہ دوبارہ روڈ کھولنے کا فیصلہ نہیں لیتی، تب تک روڈ بند رہے گا ۔سب ڈویژنل مجسٹریٹ سرنکوٹ محمد فاروق خان نے بتایا کہ بدھ کے روز سڑک پر دونوں طرف سے چار سو سے زائد گاڑیاں چلیں اور لوگوں نے اپنا سفر مکمل کیا خاص طور پر وہ لوگ جو تین دن سے سڑک بند ہونے کی وجہ سے دونوں طرف پھنس گئے تھے۔ایس ڈی ایم نے مزید کہا کہ سڑک پر پھسلن کی حالت انتہائی ہے جس کی وجہ سے ہر دوسری گاڑی کو آسانی سے چلنا مشکل ہو جاتا ہے۔انکاکہناتھا’’کچھ جگہوں پر باقاعدہ پتھرگرآنے سے حادثات کا خطرہ بھی پیدا ہو رہا ہے جہاں برفانی تودے، برف کے تودے اور لینڈ سلائیڈنگ سڑک پر خطرے کو مزید بڑھا رہے ہیں‘‘۔مجسٹریٹ نے مزید بتایا کہ اگلے احکامات تک سڑک پر گاڑیوں کی آمدورفت نہیں ہو گی اور دونوں اطراف سے ٹریفک بند رہے گی۔ ایس ڈی ایم نے کہاکہ مغل روڈ کو خطرناک حالات کی وجہ سے بند کر دیا گیا ہے۔انہوں نے عوام الناس کو مطلع کیا کہ مغل روڈ پر ٹھنڈ، نمی اور پھسلن کی وجہ سے ڈرائیونگ کے خطرناک حالات پیدا ہو گئے ہیں اور اس طرح تمام مسافروں کی حفاظت کو مدنظر رکھتے ہوئے مغل روڈ کو آج سے اگلے احکامات تک بند کر دیا گیا ہے۔ڈپٹی ایس پی ٹریفک راجوری پونچھ محمد نواز نے کہا کہ سول حکام کے نوٹس کی بنیاد پر مغل روڈ اگلے احکامات تک بند رہے گا۔