معذور افراد میں موٹرائیزڈ ٹرائی سائیکلیں تقسیم رواں مالی سال میں 3000 دینے کا ٹارگٹ

نیوز ڈیسک

سرینگر//لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے راج بھون میں استفادی کنندگان میں خصوصی طور پر معذور افراد کیلئے موٹرائیزڈ ٹرائی سائیکلیں تقسیم کیں ۔ پہلے مرحلے میں حکومت موٹرائیزڈ ٹرائی سائیکلوں کے 1000 یونٹس تقسیم کر رہی ہے اور رواں مالی سال کے اختتام تک 3000 اضافی یونٹ اہل مستحقین میں تقسیم کئے جائیں گے ۔ انہوںنے کہا ہماری کوشش ہے کہ رسائی کو خصوصی طور پر معذور افراد کا حق بنایا جائے اور رکاوٹوں سے پاک ماحول اور عوامی سہولیات اور مقامات تک دوستانہ رسائی کو یقینی بنایا جائے ۔

 

لیفٹیننٹ گورنر نے مزید کہا کہ حکومت کی طرف سے شروع کی گئی مختلف اسکیموں کا مقصد سماجی ، اقتصادی طور پر پسماندہ طبقات کو بااختیار بنا کر نوجوانوں کیلئے روزی روٹی کی تخلیق اور ہنر مندی کے اقدامات اور بزرگ شہریوں کو مناسب مدد فراہم کر کے ایک جامع معاشرے کی تعمیر کے وژن کو حاصل کرنا ہے ۔ لیفٹیننٹ گورنر نے مزید کہا کہ قابلِ رسائی ہندوستان مہم جیسے اقدامات نے سرکاری اور نجی عمارتوں ، ریلوے اسٹیشنوں ، ہائی اڈوں ، اسکولوں اور کالجوں میں خصوصی طور پر معذور افراد کیلئے قابلِ رسائی انفراسٹرکچر کو یقینی بنایا ہے ۔لیفٹیننٹ گورنر نے سماجی بہبود کے محکمے کو ہدایت دی کہ وہ مستفید ہونے والی اسکیموں کی صد فیصد تکمیل کو یقینی بنانے کیلئے اپنی کوششوں کو دوگنا کرے اور خصوصی طور پر معذور افراد کو ان کی پائیدار روزی روٹی کیلئے تمام ضروری مدد فراہم کرنے کیلئے ایک جامع منصوبہ بندی تیار کرے ۔