مشہور صنعت کار ایلون مسک کا ہندوستان دورہ منسوخ

 یو این آئی

واشنگٹن// مشہور صنعت کار اور ٹیسلا کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر (سی ای او) ایلون مسک نے اپنا ہندوستان دورہ ملتوی کر دیا ہے۔ مسک ہندوستان کے دورے کے دوران وزیر اعظم نریندر مودی سے ملاقات کرنے والے تھے اور جنوبی ایشیائی مارکیٹ میں کمپنی کے داخلے کے منصوبوں کی نقاب کشائی کرنے والے تھے۔ مسک نے ٹیسلا کی ذمہ داریوں کا حوالہ دیتے ہوئے 22 اپریل کو طے شدہ ہندوستان کا دورہ منسوخ کر دیا ہے۔ انہوں نے جمعہ کی رات دیر گئے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر یہ اطلاع دی۔ مسک کے دورئہ ہندوستان کو بہت اہم قرار دیا جا رہا تھا کیونکہ ان سے ہندوستان میں دو سے تین بلین ڈالر کی سرمایہ کاری کا اعلان متوقع تھا، جس کا بنیادی مقصد ملک کے اندر ٹیسلا کی فیکٹری لگانا تھا۔ اس سرمایہ کاری کے منصوبے کو حکومت ہند کی جانب سے درآمد شدہ گاڑیوں پر ڈیوٹی کم کرکے مقامی مینوفیکچرنگ کی حوصلہ افزائی کیلئے حالیہ پالیسی اقدامات سے مزید تقویت ملی۔ مسک کا ہندوستان کا منصوبہ بند دورہ، ہندوستان میں عام انتخابات کے آغاز کے صرف دو دن بعد (19 اپریل کو ووٹنگ کا پہلا مرحلہ)، اس لیے بھی اہم سمجھا جاتا تھا کہ مسک کی موجودگی وزیر اعظم نریندر مودی کی تیسری مدت کی پیشین گوئی کے موافق تھی۔ اس میں غیر ملکی سرمایہ کاری کو راغب کرنے اور پائیدار ترقی کو فروغ دینے کیلئے حکومت کی کوششوں کو اجاگر کرنے کی توقع تھی۔دھچکے کے باوجود، ٹیسلا کے شوقین اور ہندوستانی اسٹیک ہولڈرز مسک کے مستقبل کے سفر اور دنیا کی سب سے تیزی سے بڑھتی ہوئی آٹوموبائل مارکیٹوں میں سے ایک میں ٹیسلا کی توسیع کے وعدے کے بارے میں پر امید ہیں۔