مرکزی سرکار کا اہم فیصلہ ۔15سال پرانی سرکاری گاڑیاں ختم کر دی جائینگی

نیوز ڈیسک

ناگپور//مرکزی وزیر برائے ٹرانسپورٹ و ہائی ویز نتن گڈکری نے جمعہ کو کہا کہ 15 سال مکمل کرنے والی ہندوستانی حکومت کی تمام گاڑیوں کو ختم کردیا جائے گا، اور اس سلسلے میں ایک پالیسی ریاستوں کو بھیج دی گئی ہے۔وہ یہاں سالانہ ’’ایگرو ویڑن‘‘ زرعی نمائش کے افتتاح کے موقع پر خطاب کررہے تھے۔انہوں نے کہا”کل، میں نے وزیر اعظم نریندر مودی کی رہنمائی میں ایک فائل پر دستخط کیے کہ ہندوستانی حکومت کی تمام گاڑیاں ،جو 15 سال مکمل کر چکی ہیں، ختم کر دی جائیں گی، میں نے حکومت ہند کی یہ پالیسی تمام ریاستوں کو بھیج دی ہے، انہیں ریاستی سطح پر اس پالیسی کو اپنانا چاہیے،‘‘ ۔ گڈکری نے کہا کہ پانی پت میں انڈین آئل کے دو پلانٹ لگ بھگ شروع ہو چکے ہیں، جن میں سے ایک روزانہ ایک لاکھ لیٹر ایتھنول تیار کرے گا، جبکہ دوسرا چاول کے بھوسے کا استعمال کرتے ہوئے روزانہ 150 ٹن بائیو بٹومین تیار کرے گا۔انکا کہنا ہے کہ یہ ایک بڑی تبدیلی ہے کیونکہ پنجاب، ہریانہ، اتر پردیش ملک کے چاول پیدا کرنے والے بڑے علاقے ہیں، جہاں چاول کے بھوسے کو جلانے سے آلودگی پھیلتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب چاول کے بھوسے کو ایتھنول اور بائیو بٹومین بنانے کے لیے استعمال کیا جائے گا۔انکا کہنا تھا “مجھے خوشی ہے کہ جب ایسے منصوبے شروع ہو جائیں گے تو ملک کو بٹومین درآمد کرنے کی ضرورت نہیں رہے گی۔ گاؤں، اضلاع، ریاستوں اور قومی شاہراہوں میں ہماری سڑکیں کسانوں کے تیار کردہ چاول کے بھوسے کا استعمال کرتے ہوئے بٹومین سے بنائی جائیں گی۔گڈکری نے کہا”بنجر زمینوں پر بانس کی کاشت کی جائے گی، جس سے بائیو ایتھانول تیار کیا جائے گا۔ ہمارے کسان نہ صرف خوراک فراہم کرنے والے رہیں گے، بلکہ وہ توانائی فراہم کرنے والے بھی ہوں گے،” ۔