ماہ رمضان میں بجلی کی عدم دستیابی، عوام میں شدید غم و غصہ سحری و افطاری کے اوقات میں بجلی فراہم کرنے کا مطالبہ

عاصف بٹ
کشتواڑ//ضلع انتظامیہ کشتواڑ نے اگرچہ ماہ رمضان المبارک و شیوراتری پر بجلی ،پانی و دیگر سہولیات فراہم کرنے کیلئے متعلقہ محکمہ جات کو سخت ہدایت جاری کی تھیں لیکن اسکے باوجود محکمہ بجلی اپنی من مانی کرنے میں لگاہوا ہے۔ اگرچہ قصبہ میں بجلی کی سپلائی کو یقینی بنایاگیا ہے تاہم ضلع کے دیگر دیہی علاقہ جات میں عوام غیر اعلانیہ بجلی کٹوتی و عدم دستیابی کے سبب سخت پریشان ہیں۔ متعدد علاقہ جات سے شکایت ملی ہے ہے کہ صحری و افطاری کے اوقات کے دوران بجلی کو گل کردیاجاتاہے۔ مقامی لوگوں نے بتایا کہ محکمہ بجلی کے اہلکار جان بوجھ کر لوگوں کو سحری اور افطاری پر تنگ کرتے ہیں ۔انکاکہناتھا کہ جس وقت لوگوں کو بجلی کی ضرورت ہوتی ہے اس وقت بجلی دستیاب نہیں ہوتی ہے۔ انھوں نے بتایا اگر متعلقہ محکمہ کو بجلی فرایم کرنی ہے تو کی جائے ۔انہوںنے ضلع انتظامیہ کشتواڑ سے گزارش کرتے ہوئے کہا کہ مہربانی کرکے بجلی کے تار اور پول اٹھا کر واپس لئے جائیں تاکہ لوگوں کو بجلی کی کوئی امید نہ رہے۔ بیشتر مقامات پر بجلی سنگل فیز ہوتی ہے اور بجلی نہ ہونے کے برابر ہوتی ہے۔ انھوں نے انتظامیہ سے بلاخلل ماہ رمضان میں بجلی کی سپلائی کو یقینی بنانے کا مطالبہ کیا تاکہ عوام کو مزید مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔