مال بردار گاڑیوں کو مغل روڑ استعمال کرنیکا مشورہ پنتھیال کے مقام پر ہر روز ساڑھے 3گھنٹے ٹریفک بند رہیگا

محمد تسکین
بانہال//امر ناتھ یاترا کی آمد کی پیش نظرٹریفک پولیس ہیڈ کوارٹر، جموں و کشمیر نے جموں سرینگر شاہراہ پر ٹرکوں کی نقل و حرکت محدود کرنے کی صلاح دی ہے۔ما ل بردار گاڑیوں کو سرینگر جانے اور واپس جموں آنے کیلئے مغل روڑ استعمال کرنیکامشورہ دیا گیا ہے۔حکام نے سنیچر کو ایڈوائزری جاری کرتے ہوئے کہا’’ 10ٹائر تک کے ٹرکوں کو مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ جموں سے سرینگر جانے اور واپس آنے کیلئے مغل روڈکا استعمال کریں‘‘۔ذرائع کا کہنا ہے کہ فی الحال یاترا شروع ہونے تک ٹرکوں کو مشورہ دیا گیا ہے اور یاترا کے آغاز کے بعد باضابطہ طور پر ہدایات دی جارہی ہیں۔

 

ایڈوائزری میں مزید کہا گیا ہے کہ پنتھیال میں پتھر گرنے سے لوگوں کی جان بچانے کیلئے، NHAI کو حکومت نے اسٹیل ٹنل کی مرمت کرنے کی ہدایت دی ہے۔ ان ضروری مرمتوں کی وجہ سے پنتھیال کے مقام پر حسب دستور صبح ساڑھے4بجے سے صبح 8بجے تک ہر طرح کا ٹریفک بند رہیگا۔شاہراہ پر چھوٹی مسافر گاڑیوں کیلئے ٹائمنگ مقرر کردی گئی ہے جس کے بعد کسی بھی گاڑی کو چلنے کی اجازت نہیں ہوگی۔زوجیلا ایکسس پر دیکھ بھال/مرمت کے پیش نظر سری نگرسونمرگ گمری روڈ پر ہر جمعہ کو دونوں طرف سے ٹریفک کی نقل و حرکت نہیں ہوگی۔ 10 سے زیادہ ٹائر والے HMVs کے لیے دھار روڈ پر پابندی ہوگی صرف 6 اور 10 ٹائر والے HMVs کو اجازت ہوگی۔ادھر3 روز تک مسلسل بند رہنے کے بعد جموں سرینگر شاہراہ جمعہ رات دیر گئے قابل آمدورفت بنائی گئی۔ایس ایس پی ٹریفک رام بن شبیر احمد ملک نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ شاہراہ کھولنے کے بعد سے ہفتے کی صبح تک جموں سے وادی کشمیر کی طرف 3500 مال بردار ٹرکوں اور ایندھن بردار ٹینکروں کو چھوڑ دیا گیا اور بیشتر گاڑیوں نے سہ پہر تک بانہال ٹنل کو پار کیا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ ہفتے کی صبح تازہ مسافر گاڑیوں کو جموں اور سرینگر سے معمول کے دو طرفہ ٹریفک میں چلنے کی اجازت دی گئی۔