عید قربان کی آمد کے ساتھ ہی پونچھ میں مویشی منڈی سج گئی

حسین محتشم
پونچھ//سرحدی ضلع پونچھ میں عید قربان کی آمد کے ساتھ ہی جانوروں کی خریدوفروخت کے لئے مویشی منڈی سج گئی۔ضلع انتظامیہ پونچھ کی جانب سے ہمیشہ کی طرح اس بار بھی ڈگری کالج کے گراؤنڈ میں مویشی منڈی سجائی گئی ہے۔ جہاں سرکاری جانوروں کے ساتھ ساتھ مقامی بیوپاری بھی اپنے جانور فروخت کر سکتے ہیں، انتظامیہ کی جانب سے ابھی تک کوئی ریٹ لسٹ جاری نہیں ہوئی ہے جس کی وجہ سے جا نوروں کی نرخیں آسمان کو چھو رہی ہیں اور لوگوں کے لئے قربانی کا جانور خریدنا مشکل ہو رہا ہے۔ سرحدی ضلع پونچھ کے دوسری تحصیلوں جن میں تحصیل مینڈھر، تحصیل سرنکوٹ اور منڈی تحصیل شامل ہیں میں بھی عید قربان کے لئے جانوروں کی خریدوفروخت کا سلسلہ شروع ہو چکا ہے۔امسال قربانی کے جانوروں کی قیمتیں گزشتہ سال کی نسبت بڑھ چکی ہیں۔ شدید گرمی کے دوران مویشی منڈیوں میں آنے والے خریدار آسمان کو چھوتی قیمتیں دیکھ کر ناراض نظر آ رہے ہیں جن کا کہنا تھا کہ وہ یہ سوچ کر آئے تھے کہ جانوروں کی قیمتیں کم ہوں گی مگر یہاں تو صورتحال ہی برعکس ہے بکرا ہو یادنبہ تمام جانوروں کی قیمتیں آسمان چھو رہی ہیں اور ان کے لئے قربانی کرنا بھی مشکل ہو رہا ہے۔انہوں نے کہا متعلقہ انتظامیہ کو چاہیے کہ قربانی کے جانوروں کی قیمتیں اعتدال میں لانے کے لئے سخت لائحہ عمل اختیار کیا جائے۔ دوسری جانب بیوپاریوں کا کہنا ہے کہ وی سارا سال جانور پالتے ہیں اوپر سے منڈی میں لانے کے لئے الگ سے اخراجات آتے ہیں اس لئے جانور منڈیوں میں لا کر مزید مہنگے داموں فروخت کرنے پر مجبور ہیں۔