ضلع کشتواڑ کے 28 عازمین پرمشتمل پہلا قافلہ سفر محمود پر روانہ

عاصف بٹ

کشتواڑ//ضلع کشتواڑ سے عازمین کرام کا پہلا قافلہ آج سفرمحمود پر روانہ ہوا جس میں 28 عازمین شامل تھے۔جن میں 20مرد اور8 خواتین شامل تھیں۔ اس موقعہ پر ضلع ترقیاتی کمشنر کشتواڑ دیوانش یادو،امام مرکزی جامع کشتواڑ فاروق احمد کچلو،وقف کے ایڈمنسٹریٹر ذاکر وانی نے ہری جھنڈی دکھا کر عازمین کو سفرمحمود پر روانہ کیا۔

 

 

اسلامیہ فریدیہ سکول میں حسب روایت ہزاروں کی تعداد میں مرد، خواتین ،بچے و بزرگ نماز فجر کے بعد جمع ہوئے جہاں لوگوں نے حجاج کرام کو نیک خواہشات کیساتھ الوداع کیااور خصوصی دعا کی درخواست کی ۔حجاج کرام نجی گاڑیوں میں سوار تھے جو بذریعہ سنتھن ٹاپ سرینگر کیلئے روانہ ہوئے۔ انتظامیہ کی جانب سے انکی سہولیات کے لیے ادویات سے لیس ایمبولنس و دیگر عملہ بھی انکے ہمرا ہ بھیجا گیا تاکہ حجاج کرام کو مشکلات کا سامنا نہ ہو۔ حجاج کرام کا دوسرا اور سب سے بڑا قافلہ سنیچر کو سفر محمود پر روانہ ہوگا۔