ضلع انتظامیہ کا سرکاری ملازم کی ہلاکت پراظہار افسوس ڈسٹرکٹ ایڈمنسٹریشن کمپلیکس راجوری میں خاموش دعائیہ مجلس کا اہتمام

عظمیٰ نیوز سروس

راجوری//ضلع انتظامیہ راجوری اور مختلف محکموں کے افسران نے ملی ٹینٹوںکے ہاتھوں سرکاری ملازم محمد رزاق کی ہلاکت پر تعزیت کا اظہار کیا۔انتظامیہ کے ملازمین اور افسران کی جانب سے خاموشی سے دعا کی گئی۔ایک سرکاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ راجوری میں انتظامیہ نے مہلوک محمد رزاق ولد محمد اکبر کو تعزیت پیش کی جو پروگرام آفیسر آئی سی ڈی ایس راجوری کے دفتر میں جونیئر اسسٹنٹ کے طور پر کام کر رہے تھے اور ایک وحشیانہ ملی ٹینٹ حملے میں 22اور 23اپریل 2024کی درمیانی رات کو شادرا کے گاؤں کنڈا ٹوپہ میں اپنی جان قربان کر دی۔ڈپٹی کمشنر راجوری کے دفتر کے لان میں خاموشی کی نماز ادا کی گئی۔ڈی آئی جی راجوری پونچھ رینج تیجندر سنگھ، ڈی سی راجوری اوم پرکاش بھگت، ایس ایس پی راجوری امرت پال سنگھ سمیت ضلع انتظامیہ اور پولیس راجوری کے تمام افسران اور اہلکاروں نے نیک روح کی شانتی کے لیے دعائیں اور گہری ہمدردی کا اظہار کیا۔ضلعی انتظامیہ نے غم زدہ خاندان، لواحقین کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے غمزدہ خاندان کو ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔دریں اثنا، راجوری پولیس نے ایف آئی آر درج کر کے فوری تحقیقات شروع کر دی ہیں۔