شعبہ اُردوجموں یونیورسٹی کے زیراہتمام ’محفل ِ مشاعرہ‘ کاانعقاد

جموں//شعبہ اُردوجموں یونیورسٹی کے زیراہتمام ایک ’محفل ِ مشاعرہ‘ کاانعقادکیاجس کی صدار ت جموں وکشمیرکے مشہورومعروف شاعرپرتپال سنگھ بیتاب نے کی۔اس مشاعرہ میں ایوان صدارت میں پرتپال سنگھ بیتاب،احمدشناس، اشوک پارس اور امین بانہالی موجود تھے۔پروفیسرمحمدریاض احمد،صدرشعبہ اُردوجموں یونیورسٹی نے استقبالیہ خطبہ پیش کرتے ہوئے تمام مہمانوں ،شعراء اورشرکائے محفل کااستقبال کیا۔مشاعرے میں جموں وکشمیرکے نامورشعراء کرام نے معیاری کلام پیش کرکے شرکاء سے دادوتحسین حاصل کی ۔ اپنے صدارتی خطاب میں پرتپال سنگھ بیتاب نے کہاکہ اُردوکی ترقی اورمعاشرے میں ہم آہنگی کوفروغ دینے کے سلسلے میں مشاعروں کی روایت نے کلیدی رول اداکیاہے ۔ اگرچہ اس وقت مشاعروں کی روایت میں کمی آئی ہے جسے فروغ دینے کیلئے اُردوکے اداروں،انجمنوں اورادباء وشعرا کوفعال کردارنبھانے کی ضرورت ہے۔