شاہراہ بند ہونے سے سینکڑوں مسافر درماندہ راحت رسانی کیلئے انتظامیہ،فوج اور رضاکار پیش پیش

محمد تسکین

بانہال// رام بن ، رامسو اور بانہال میں درماندہ سینکڑوں مسافروں اور سیاحوں کو انتظامیہ، فوج اور مقامی رضاکاروں کی طرف سے کھانا پینا فراہم کیا جارہا ہے اور ان کے ٹھہرنے اور سونے کیلئے مسافر خانوں ، سکولوں اور کمونٹی ہالوں کو کھول دیا گیا ہے۔ رامسو ہائی سکول میں ایس ڈی ایم رامسو وقار احمد گیری کی سربراہی میں کھانے پینے اور ٹہرنے کے انتظامات کئے گئے ہیں جبکہ یہاں فوج کی 23 راشٹریہ رائفلز نے ہمالین کیو آر ٹی رامسو کے رضاکاروں کے اشتراک سے درماندہ مسافروں کیلئے کھانے پینے کی تیار چیزوں کا سلسلہ پچھلے دو روز سے جاری ہے اور فوج نے اب تک پانچ سو سے زائد درماندہ مسافروں کی مدد کی ہے۔ رام بن میں بھی درماندہ مسافروں کیلئے ضلع انتظامیہ رام بن نے کھانے پینے کے علاؤہ کمیونٹی سینٹروں اور راحت مراکز میں سونے اور ٹھہرنے کیلئے انتظامات کر رکھے ہیں۔