رام بن بانہال سیکٹر میں بارشوں کا تازہ سلسلہ شاہراہ پر سست رفتار کے ساتھ ٹریفک کی نقل و حرکت جاری

 محمد تسکین

بانہال// بانہال اور رام بن کے سیکٹر میں جمعرات کی صبح سے ہی بارشیں ہو رہی ہیں اور بارشوں کے باوجود جموں سرینگر قومی شاہراہ پر ٹریفک کی نقل و حرکت جاری ہے۔بارشوں کی وجہ سے سردی میں اضافہ ہوا ہے۔ٹریفک پولیس حکام نے بتایا کہ بارشوں کے باوجود جموں سرینگر قومی شاہراہ پر ٹریفک کی دو طرفہ آمدورفت بغیر کسی خلل کے جاری ہے تاہم ناشری اور بانہال کے درمیان متعدد مقامات پر ٹریفک کی نقل و حرکت سست روی کا شکار ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹریفک کی سست رفتار کیلئے کئی مقامات پر سڑک پر پھسلن اور تنگی کے علاؤہ خانہ بدوشوں کی مال مویشی سمیت جموں سے وادی کشمیر کیطرف مقل وحرکت وجہ بنی ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مجموعی طور پر ٹریفک بنا خلل جاری رہا اور جمعرات شام تک شاہراہ کے پورے سیکٹر میں بارشیں ہو رہی تھیں۔

برفباری کے بعد سنتھن میں 3گاڑیاں پھنسی
شاہراہ پر آمد وفت معطل ، 12افراد کو بچالیا گیا

عاصف بٹ
کشتواڑ //اگرچہ انتظامیہ نے سنتھن شاہرہ پر ابتر موسم میں گاڑیوں کی آمد ورفت کی اجازت دی تھی تاہم جمعرات کو موسم نے دوبارہ کروٹ بدلی اورتازہ برفباری ہوئی جسکے بعد آمد ورفت معطل کردیاگیا ۔کوکرناگ انتظامیہ نے چند گاڑیوں کو اگرچہ اجازت دی جسکے سبب تین مسافر گاڑیاں سنتھن ٹاپ پر پھنس گئی جسکے بعد کشتواڑ انتظامیہ نے بڑے پیمانے پر ریسکو آپریشن شروع کردیاہے۔ذرائع کے مطابق تین گاڑیاں جن میں ایک بلیور گاڑی جبکہ دو نئی گاڑیاں شامل ہیں سنتھن ٹاپ پر پھنس گئی ہیں اور ان سبھی گاڑیوں میں مجموعی طورپر 12افراد سوار ہیں ۔شاہراہ پر گاڑیوں کے پھنسنے کی خبر موصول ہونے کیساتھ ہی انتظامیہ کی جانب سے بچائو کارروائی کا آغازکیا گیا اور آخری اطلاعات موصول ہونے تک سبھی افراد کو مبینہ طورپر بچا لیا گیا تھا ۔اس دوران انتظامیہ نے مذکورہ شاہراہ پر گاڑیوں کی آمد ورفت عارضی طورپر معطل کر دی ہے ۔

کشتواڑ میں شدید بارش اور برفباری کا عمل جاری
عاصف بٹ
کشتواڑ // محکمہ موسمیات کی پیشنگوئی کے عین مطابق ضلع کشتواڑکے بالائی و میدانی علاقوں میں بارشوں و برفباری کا سلسلہ بدستورجاری ہے۔جمعرات کی صبح سے ہی بالائی علاقہ جات میں برفباری جبکہ میدانی علاقوں میں بارشیں ہوئی۔ اوپری مقامات سنتھن ٹاپ و مرگن پر چھ انچ کے قریب برفباری ہوئی جبکہ دیگر بالائی علاقوں میں بھی کئی انچ تازہ برفباری کی اطلاع موصول ہوئی وہی میدانی علاقوں میں موسلادھار بارشیں ہوئی جسے عام زندگی بری طرح مفلوج ہوکررہ گئی۔ بارشوں کے سبب قصبہ میں متعدد مقامات پر سڑکوں نے تالاب کی شکل اختیار کی جسے عوام کو سخت مشکلات سے دوچار ہونا پڑا۔