بلاک جکیاس میں مبینہ دھاندلیوں کا الزام مقامی لوگوں کا محکمہ دیہی ترقی کے خلاف احتجاج، بی ڈی او دفتر کو تالا لگایا

Oplus_131072

 اشتیاق ملک

ڈوڈہ //ڈوڈہ ضلع کے بلاک جکیاس میں مقامی لوگوں نے منریگا میں مبینہ دھاندلیوں کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے محکمہ دیہی ترقی کے اعلیٰ حکام کی عدم توجہی و ملازمین کی لاپرواہی پر ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے شدید نعرہ بازی کی۔ جکیاس، چنیاس ،چالر،بھٹیاس ،گونڈو و دیگر پنچائتوں سے آئے سینکڑوں کی تعداد میں مرد و زن نے بی ڈی او دفتر کے سامنے احتجاجی دھرنا دیا۔ اس دوران انہوں نے مذکورہ بی ڈی او پر ڈیوٹی میں کوتاہی برتنے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ کے جی آر ایس و دیگر ملازمین نے منریگا اسکیم سے غریب و مستحق افراد کو محروم رکھ کر لاکھوں روپے ہڑپ کئے۔ اس دوران ڈی ڈی سی کونسلر کاہرہ معراج الدین ملک بھی مظاہرین میں شامل ہوئے اور محکمہ دیہی ترقی کے ملازمین کی طرف سے کی گئی مبینہ دھاندلیوں کی اعلیٰ سطحی تحقیقات کی مانگ کی۔ مظاہرین نے مشتعل ہو کر بی ڈی او دفتر کو تالا لگا کر بی ڈی او کو دیگر عملہ سمیت بند کیا۔ مظاہرین میں شامل لوگوں نے الزام لگایا کہ منریگا، پی ایم اے وائی،ایس بی ایم و دیگر اسکیموں کے تحت غریب عوام نے کام کئے ہیں لیکن محکمہ کے جی آر ایس و دیگر ملازمین نے ملی بھگت کرکے ان کی اجرتوں و میٹیریل کی بلوں میں ہیرا پھیری کی. ڈی ڈی سی کونسلر معراج الدین نے اس موقع پر بولتے ہوئے محکمہ کو ہدف تنقید بناتے ہوئے کہا کہ محکمہ دیہی ترقی کے اکثر ملازمین نے بھاری پیمانے پر لوٹ کھسوٹ مچائی ہے اور غریب عوام کو راحت پہنچانے کے بجائے ان کے ساتھ نا انصافی کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلاک جکیاس میں مرکزی معاونت والی اسکیموں میں وسیع پیمانے پر بے ضابطگیاں ہوئیں ہیں۔انہوں نے ضلع و صوبائی انتظامیہ اس معاملہ کی اعلیٰ سطحی تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہوئے قصوروار ملازمین کے خلاف سخت کارروائی کی مانگ کی ہے. اس دوران سب ڈویڑنل مجسٹریٹ گندوہ ارون کمار بڈیال ،ایس ڈی پی او راج کمار کول و ایس ایچ او پرویز کھانڈے کے ہمراہ موقع پر پہنچے اور مظاہرین کو یقین دلایا کہ معاملہ کی اعلیٰ سطحی تحقیقات کرکے قصورواروں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ کشمیر عظمیٰ سے بات کرتے ہوئے ایس ڈی ایم نے کہا کہ مزید کارروائی کے لئے رپورٹ اعلیٰ حکام کو روانہ کی گئی ہے. انہوں نے کہا کہ امن و اماں میں خلل ڈالنے عوام کے ساتھ ناانصافی کرنے کی کسی کو اجازت نہیں دی جائے گی۔