دیوار گرنے سے بٹھہ مالک کی موت، شوپیاں میں لاش برآمد حادثات میں فوجی اہلکار ہلاک،8 زخمی ،گلمرگ میں سیاح خاتون فوت

 عظمیٰ نیوز سروس

سرینگر//بڈگام ضلع کے نارورہ بیروہ میں اینٹوں کے بھٹے پر بٹھ مالک کی ڈھیلی اینٹوں کی دیوار کے نیچے آکر موت ہوگئی۔متوفی کی شناخت 30 سالہ بلال احمد خان ساکن گونڈی پورہ بیروہ کے طور پر کی گئی ہے۔عین شاہدین نے بتایا کہ اینٹوں کے بھٹے کے قریب اینٹوں کی ایک بڑی دیوار اچانک گر گئی اور مالک اینٹوں کے نیچے دب گیا۔جس کی وجہ سے وہ شدید زخمی ہوا اور ہسپتال میں دم توڑ گیا۔پولیس نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے قانون کی متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا ہے۔ ادھرشوپیان کے مضافاتی دیہات حرمین میں پلوامہ کے ایک شہری کی لاش کو پراسرار حالت میں برآمد کرلیا گیا ہے۔سرکاری عہدار نے بتایا کہ پلوامہ کے کریم آباد سے تعلق رکھنے والے شہری گلزار احمد پنڈت ولد عبد الوہاب پنڈت کی لاش کو پراسرار حالت میں ایک نالے سے برآمد کی گئی۔

 

پولیس نے متعلقہ دفعات کے تحت کیس درج کرکے تحقیقات شروع کردی ہے۔ اس دوران ضلع بارہمولہ کے اوڑی کے تورنا علاقے میں ایک فوجی گاڑی حادثے کی شکا ر ہوئی جس دوران اس میں سوار تین اہلکار شدید طور پر زخمی ہو گئے جن کو شدید نازک حالت میں فضائی خدمات کے ذریعے سرینگر کے فوجی اسپتال علاج کیلئے منتقل کیا گیا جہاں سپاہی حوالدار محمد صغیر کی موت ہو گئی جبکہ تین دیگر زخمی اہلکاروںکا علاج جاری ہے ۔ادھرکپوارہ ضلع کے کرناہ کے باغبیلہ علاقے میں جمعرات کی شام ایک سڑک حادثے میں پانچ افراد زخمی ہو گئے۔ ایک اہلکار نے بتایا کہ باغبیلہ میں ایک حادثہ اس وقت پیش آیا جب ایک نجی گاڑی جس کی رجسٹریشن نمبر JK09A 2865 تھی حادثے کا شکار ہوگئی جس کے نتیجے میں پانچ مسافر زخمی ہوگئے۔ “ان سبھی کو مقامی لوگوں نے علاج کے لیے ایس ڈی ایچ ٹنگڈار منتقل کیا جہاں سے ان سب کو مذید علاج کے لیے سری نگر منتقل کیا گیا۔ زخمیوں کی شناخت رسق اختر (33) ساکنہ پلوامہ، شبیر احمد پیر (30) ساکنہ ہندوارہ مدثر احمد شاہ (24) ساکنہ ہندواڑہ، پرویز (24) اور محمد افضل شاہ (35) ساکنہ ہندواڑہ کے بطور ہوئی اس دوران شہرہ آفاق گلمرگ میں بدھ کی دیر رات سیاح خاتون بھاونا سوپودھ ٹھاکر زوجہ سبودھ ٹھاکر ساکن سرینا شانتی پارک مشرقی ممبئی کا ہوٹل الپائن رج گلمرگ میں دل کا دورہ پڑنے سے انتقال ہوگیا۔لاش کو پولیس ہسپتال سرینگر منتقل کر دیا گیا جہاں طبی لوازمات کی ادائیگی کے بعد آخری رسومات کیلئے لواحقین کے سپرد کر دی گئی ۔