لوگوں کے دلوں میں کنول کھل رہا ہے:رویندر رینہ بی جے پی کا محبت، ترقی اور امن کی سیاست میں یقین

 عظمیٰ نیوز سروس

سرینگر// بی جے پی صدر رویندر رینہ نے کپواڑہ، ہندواڑہ، لولاب، ترہیگام اور لنگیٹ حلقوں میں پارٹی کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر کے لوگوں کے دلوں میں کنول کھل رہا ہے۔رویندر رینہ نے کہا کہ بی جے پی محبت، ترقی اور امن کی سیاست میں یقین رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی کارکن ملک اور سماج کی خدمت کے لئے کام کرتا ہے اور لوگوں کے لئے اچھا کام کرنے کی کوشش کرتا ہے اور پارٹی کشمیر کے لوگوں کے دل جیتنے میں کامیاب رہی ہے۔رینہ نے کہا کہ سابقہ ریاست جموں و کشمیر پر کئی دہائیوں تک حکومت کرنے والی پارٹیوں نے ہرتال کے فن کو عام کرکے لوگوں کو ہڑتالوں اور پتھرا کا کیلنڈر دے کر معصوموں کی زندگی اجیرن کردی۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو ترقی کا تحفہ دینے کے بجائے ان جماعتوں نے کھل کر علیحدگی پسندی کی حمایت کی اور ریاست کے نوجوانوں کو اسپانسرڈ ٹیررازم کی سیاہ رات میں دھکیل دیا۔ انہوں نے کہا “بے مثال ترقی، موجودہ امن کے ساتھ جو نوجوان نسل کے روشن مستقبل کی طرف لے جا رہی ہے، جموں و کشمیر کے ہر علاقے میں بغیر کسی خطہ یا مذہب کی بنیاد پر تعصب کے مودی حکومت کی پہچان ہے‘‘۔