انتخابات اورامرناتھ یاترا پر سیکورٹی میٹنگ قانون شکن افراد کیخلاف سخت کارروائی ہوگی: آئی جی پی

 راجہ ارشاد

گاندربل// گاندربل ضلع میں عام انتخابات اور آئندہ امرناتھ یاترا کے سلسلے میں ایک مشترکہ سیکورٹی جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔میٹنگ کی صدارت انسپکٹر جنرل آف پولیس وی کے بردی نے کی۔میٹنگ میںایس ایس پی گاندربل سندیپ گپتا نے ضلع کے مجموعی سیکورٹی منظر نامے اور عام انتخابات کے لیے موجودہ سیکورٹی گرڈ کے بارے میں جانکاری فراہم کی۔پولیس بیان میں کہا گیا ہے کہ میٹنگ میں انتخابی تیاری کی کوششوں میں انٹیلی جنس اکٹھا کرنا، خطرے کی تشخیص، ہنگامی ردعمل اور دیگر پروٹوکول سمیت مختلف پہلوئوں پر بات چیت کی گئی نیز پارلیمانی انتخابات کے ہموار انعقاد کے لیے ضلع بھر میںسیکورٹی فورسز کی کمپنیوں کی دستیابی پر بھی بات چیت کی گئی۔اجلاس میں عوامی تحفظ کو یقینی بنانے اور انتخابی عمل کی سالمیت کو برقرار رکھنے کے لیے حکمت عملی وضع کرنے پر توجہ مرکوز کی گئی۔آئی جی پی کشمیر نے ایس ایس پی گاندربل اور سی اے پی ایف اور فوج میں ان کے ہم منصبوں پر زور دیا کہ وہ کسی بھی ممکنہ دہشت گردی کی سرگرمیوں کو ناکام بنانے کے لیے موجودہ حکمت عملیوں کا تنقیدی جائزہ لیں اور ان میں اضافہ کریں۔آئی جی پی نے افسران کو مزید ہدایت دی کہ وہ بغیر کسی تعصب کے کام کریں، قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کریں، اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے فوری اور مثبت طریقے سے تیار ہوں۔مزید برآں، آئندہ امرناتھ یاترا کے حوالے سے ایک مفصل طریقے سے بات چیت کی گئی اور یاترا کے راستے میں آنے والے تمام مقامات بشمول ٹرانزٹ کیمپ، اور بالتال اور دومیل میں بیس کیمپوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔