بھاجپا لوگوں کے مسائل کی بات نہیں کرتی خوف کی نفسیات پیدا کرنے کی کوشش : فاروق

 عظمیٰ نیوز سروس

سرینگر//نیشنل کانفرنس صدر فاروق عبداللہ نے ہفتہ کے روز کہا کہ بھاجپااب عام لوگوں کے مسائل کے بارے میں بات نہیں کرتی،بلکہ لوگوں میں خوف کی نفسیات پیدا کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔جموں و کشمیر کے سابق وزیر اعلی نے لوگوں سے کہا کہ وہ تقسیم کرو اور حکومت کرو کی سیاست سے دور رہیں۔ خانیار علاقے میں ایک ریلی سے خطاب کرتے ہوئے عبداللہ نے کہا کہ نیشنل کانفرنس تفرقہ ڈالنے کی سیاست کے خلاف ہے۔انہوں نے کہا کہ بھاجپا کو لوگوں کی نبض کا پتہ چل گیا ہے اسی لئے اب عام لوگوں کے مسائل کے بارے میں بات نہیں کی جاتی ہے، جنہوں نے انہیں 2014 میں جتلایا۔انہوں نے کہا کہجب وہ 2014 میں اقتدار میں آئے تو وہ ایل پی جی سلنڈر کی قیمت کا مسئلہ اٹھاتے تھے۔ اس وقت گھریلو گیس سلنڈر کی قیمت 400 روپے تھی۔ وہ مہنگائی، بے روزگاری کا مسئلہ اٹھاتے تھے۔دس سال گزر گئے اور اب گیس سلنڈر کی قیمت کیا ہے؟ یہ 1,100 روپے ہے۔ ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ ہوا، کوکنگ آئل کی قیمتیں بڑھ گئیں، سبزیوں، مٹن وغیرہ کی قیمتیں بڑھ گئیں۔ انہوں نے سمارٹ میٹر لگائے جو بجلی نہ ہونے پر بھی چلتے ہیں۔جموں و کشمیر کی صورتحال کا ذکر کرتے ہوئے سابق وزیر اعلی نے کہا کہ مرکز کے زیر انتظام علاقے میں تمام اعلی عہدیدار( بیورو کریٹس) باہر کے ہیں۔ہمیں انہیں(بی جے پی زیرقیادت مرکز)کو دکھانا ہوگا کہ ہم 5 اگست 2019 کے فیصلوں کو قبول نہیں کرتے۔