عمر عبداللہ کی بیروہ میں انتخابی مہم شروع ۔ 24مقامات پر عوامی اجتماعات سے خطاب،کہا عوام بہترین جج

 عظمیٰ نیوز سروس

سرینگر//نیشنل کانفرنس نائب صدر عمر عبداللہ نے عوام سے اپیل کی کہ اگر آپ کی زندگی میں 5اگست2019کے بعد بہتری آئی ہے اور موجودہ صورتحال میں سب کچھ ٹھیک ہیں اور آپ خوش ہیں تو آپ کسی کو بھی ووٹ دیجئے، مجھے کوئی گلہ نہیں ۔انہوں نے کہا ’’اگر یہاں بے روزگاری کم ہوئی ہے، روزگار ملا ہے، بجلی میں بہتری، بلوں میں کمی، راشن کی سپلائی میں اضافہ ہوا ، سڑکیں بہتر ہوئی ہیں تو آپ بلا شبہ کنول، سیب، بالٹی، قلم دوات اور بلے کو ووٹ دیجئے لیکن اگر سب کچھ اس کا اُلٹا ہو اہے تو آپ کو اپنے ووٹ کے ذریعے نیشنل کانفرنس کو کامیاب بناکر اپنا پیغام صاف صاف الفاظ میں دینا ہوگا۔‘‘ بیروہ میں انتخابی مہم شروع کرتے ہوئے 24مقامات پر ریلیوں سے خطاب کرتے ہوئے عمر عبداللہ نے کہا کہ میں نے بحیثیت ایم ایل اے بیروہ کے ہر علاقے میں کام کیا لیکن بدقسمتی سے 2019میں جہاں کام چھوڑا تھا کام وہیں کا وہیں رُک گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ گذشتہ برسوں کے دوران حکمرانوں نے عام لوگوں کو ایک پیسہ کا فائدہ نہیں پہنچایا اور صرف ناانصافی کی۔ عمر عبداللہ نے کہاکہ آج ہمارے نوجوان بے روزگار در بہ در ٹھوکریں کھا رہے ہیں،ہماری زمینوں کو خطرہ ہے، جو زمینیں یہاں کے لوگوں کوشیخ محمد عبداللہ نے بلا معاوضہ فراہم کیں تھیں، اُن زمینوں کو بھی خطرہ لاحق ہوگیاہے۔ اس لئے نیشنل کانفرنس کی کامیابی یقینی بنا کر ہمیں آپ کے حقوق کو تحفظ فراہم کرنے کی جدوجہد کا موقع فراہم کیجئے۔