جموں و کشمیر میں سیکورٹی ہائی الرٹ | شاہ کا 3 روزہ دورہ آج سے ریلیوں سے خطاب، ترقیاتی منصوبوں کا سنگ بنیاد،وفود سے ملاقات اور سیکورٹی میٹنگ کا پروگرام

بلال فرقانی
سرینگر //مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ کا آج 3 اکتوبر سے تین روزہ دورہ شروع ہونے جارہا ہے۔وزیر داخلہ کی آمد کے پیش نظر راجوری اور وادی خصوصاً بارہمولہ میں سیکورٹی ہائی الرٹ پر ہے اور وسیع حفاظتی انتظامات کیے گئے ہیں۔امیت شاہ تین روزہ دورے کے دوران جموں اور سرینگر دونوں جگہوں پر کئی ترقیاتی کاموں کا افتتاح اور سنگ بنیاد رکھیں گے اور وفود سے ملاقات بھی کریں گے۔ شاہ آج شام 5 بجے کے قریب جموں پہنچیں گے۔ ان کے پہلے دن کے پروگرام میں گجر اور بکروال اور یووا راجپوت سبھا کے منتخب وفود سے ملاقاتیں شامل ہیں۔آج ہی شام کچھ اور وفود بھی شاہ سے مل سکتے ہیں۔ بی جے پی کے سینئر لیڈروں کی ملاقات بھی توقع ہے ۔

وہ جموں و کشمیر کی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کے لیے شاہ سے ملاقات کریں گے۔جموں، سرینگر، راجوری، بارہمولہ اورویشنو دیوی کے مقامات پر شاہ کے دورے کے لیے سیکورٹی کے انتظامات کیے گئے ہیں۔وہ4 اکتوبر کی صبح،ویشنو دیوی مندر پر درگا نومی کے دن حاضری دیں گے۔اس کے بعد انکا راجوری کا پروگرام ہے جہاںوہ عوامی جلسے سے خطاب کریں گے جہاں پہاڑی طبقے کو شیڈول ٹرائب (ایس ٹی)کا درجہ دینے سے متعلق اہم اعلانات متوقع ہیں۔ وزیر داخلہ کی حیثیت سے شاہ کا راجوری کا یہ پہلا دورہ ہوگا۔جموں واپسی پر مرکزی وزیر داخلہ جموں کنونشن سینٹرسے جموں خطے کے ترقیاتی کاموں کا افتتاح اور سنگ بنیاد رکھیں گے۔وہ 4 اکتوبر کو شام 5 بجے کے قریب سرینگر کیلئے روانہ ہوںگے۔

وادی میں شاہ 5 اکتوبر کی صبح بارہمولہ میں ایک عوامی ریلی سے خطاب کریں گے۔سرینگر میں بھی شاہ ترقیاتی کاموں کا افتتاح اور سنگ بنیاد رکھیں گے۔وہ 5 اکتوبر کی سہ پہر لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کے ساتھ ایک اعلی سطحی سیکورٹی جائزہ میٹنگ کی صدارت بھی کریں گے جس میں سول انتظامیہ اور جموں و کشمیر پولیس کے اعلی افسران اور سنٹرل آرمڈ پولیس فورسز (سی اے پی ایف) کے سینئر افسران شرکت کریں گے۔

انٹیلی جنس ایجنسیاں اور دیگر تمام سیکورٹی ایجنسیاں ملی ٹینسی کے خلاف کارروائیوں میں مصروف عمل ہیں۔جموں و کشمیر میں تعینات فوج اور سنٹرل آرمڈ پولیس فورسز افسران، پولیس، انٹیلی جنس ایجنسیاں اور دیگر بھی سیکورٹی جائزہ میٹنگ میں شامل ہوں گے اور مرکز کے زیر انتظام علاقے میں موجودہ سیکورٹی صورتحال اور ایل او سی اور آئی بی پر ملی ٹینسی کی طرف سے دراندازی کی کوششوں کا تفصیلی جائزہ لیں گے۔ جسے سیکورٹی اہلکاروں نے ناکام بنا دیا۔عہدیداروں نے کہا کہ وزیر داخلہ صورتحال پر تفصیلی رائے لیں گے۔