جموں لوک سبھا سیٹ کیلئے نوٹیفکیشن جاری نامزدگی داخل کرنے کی آخری تاریخ 4 اپریل

 عظمیٰ نیوز سروس

جموں// جموں لوک سبھا نشست کے لیے 26 اپریل کو ہونے والے انتخابات کا نوٹیفکیشن جمعرات کو جاری کیا گیا۔جموں لوک سبھا حلقہ ملک بھر کے 88 حلقوں میں سے ایک ہے جہاں 26 اپریل کو دوسرے مرحلے میں انتخابات ہونے جا رہے ہیں۔جموں کے ضلع مجسٹریٹ سچن کمار ویشیا، جو اس حلقے کے ریٹرننگ افسر بھی ہیں، نے پرچہ نامزدگی داخل کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کیا۔کاغذات نامزدگی داخل کرنے کی آخری تاریخ 4 اپریل ہے جبکہ کاغذات کی جانچ پڑتال 6 اپریل کو ہوگی۔ امیدوار وں کیلئے نام واپس لینے کی آخری تاریخ 8 اپریل ہے۔ بی جے پی نے جموں سیٹ کیلئے موجودہ ایم پی جوگل کشور کے نام کا اعلان کیا ہے، وہیں کانگریس نے صدر اور سابق وزیر رمن بھلا کے نام کا اعلان کیا ہے۔بدھ کو جاری کردہ نوٹیفکیشن میں، ای سی آئی نے بتایا کہ 2024 کے عام انتخابات کے دوسرے مرحلے کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کا عمل جمعرات سے شروع ہوا۔منی پور (بیرونی منی پور)کے ایک حصے کے ساتھ 12 ریاستوں/مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں پھیلے ہوئے کل 88 پارلیمانی حلقوں میں 26 اپریل 2024 کو دوسرے مرحلے میں انتخابات ہونے والے ہیں۔الیکشن کمیشن نے 16 مارچ کو 2024 کے لوک سبھا انتخابات کے شیڈول کا اعلان کیا۔ملک بھر میں پولنگ 19 اپریل سے یکم جون تک سات مرحلوں میں ہوگی۔ ووٹوں کی گنتی 4 جون کو ہوگی۔