ایجنڈا اور پالیسیاں سچائی پر مبنی | مہاراجہ کے بعدروایتی سیاستدانوں نے اپنا راج چلایا : بخاری

عظمیٰ نیوز سروس

سرینگر//اپنی پارٹی سربراہ سید الطاف بخاری نے کہا کہ 1947 میں مہاراجہ کی حکومت کے خاتمے کے بعد جموں و کشمیر میں روایتی جماعتوں اور ان کے لیڈروں نے یہاں اپنا ’شخصی راج‘ قائم کیا۔انہوں نے کہا کہ جموں کشمیر کا ملک کے ساتھ الحاق ہوجانے کے بعد ان لوگوں نے ’رائے شماری‘، ’اٹانومی‘، اور ’سیلف رول‘ جیسے گمراہ کن نعرے لگاکرلوگوں کے مفادات کو شدید نقصان پہنچایا ہے۔پارٹی صدر دفتر پر چرار شریف اور گاندربل کے نئے اراکین کی شمولیت پرمنعقدہ تقریب پر انہوں نے کہا کہ اپنی پارٹی کا ایجنڈا اور پالیسیاں سچائی پر مبنی ہیںاور ہم سیاسی فوائد کے حصول کے لیے عوام کو پْر فریب بیانیہ اور جھوٹے وعدوں سے بہلانے کے روا دار نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا، ’’ہمیں 1947 میں جموں و کشمیر کے مستقبل کا فیصلہ کرنے کا موقع ملا اور اْس وقت کی قیادت نے بھارت کے ساتھ الحاق کا فیصلہ کیا۔ اس فیصلے کے بعد گزشتہ 70 برسوں میں جس نے بھی ’رائے شماری‘، ’اٹانومی‘، اور ’سیلف رول‘ جیسے جذباتی نعرے لگائے، وہ عوام کے دشمن تھے۔انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے علاقائی جماعتوں اور ان کے لیڈروں نے اپنے سیاسی مفادات کے حصول کیلئے ایسے جذباتی اور اشتعال انگیز نعروں کے ذریعے معصوم لوگوں کو قربانی کا بکرا بنایا۔ بخاری نے کہا کہ ان جماعتوں اور ان کے لیڈروں نے نوجوانوں کو تباہی کے راستے پر گامزن کیا، پچھلی تین دہائیوں میں ہم نے اپنے ہزاروں نوجوانوں کو کھو دیا ہے، ہمارے ہزاروں نوجوان یا تو جیلوں کی زینت بن گئے یا پھر قبرستانوں کی نذر ہوگئے۔‘‘