ہٹی وارہ اونتی پورہ میں کشتی 9افراد سمیت اُلٹ گئی ۔7کو بچا لیا گیا، 2لاپتہ|| 24روز سے گنڈ بل بٹوارہ واقعہ میں غرقآب شخص کی تلاش جاری

 مشتاق الاسلام

 

پلوامہ //گنڈ بل بٹوارہ سرینگر کے بعدہٹی وارہ لیتہ پورہ پانپور میں کشتی دریائے جہلم میں الٹنے کے نتیجے میں 9 مزدور ڈوب گئے، جن میں سے شام دیر گئے 7 مزدوروں کو بازیاب کرلیا گیا تاہم 2 لاپتہ ہوگئے۔مقامی لوگوں کے مطابق کشتی میں سوار غیر مقامی مزدور تھے، جنہیں بچانے کی خاطر کاروائی رات دیر گئے تک جاری تھی۔پولیس کے مطابق 9 غیر ریاستی مزدوروں پر مشتمل ایک گروپ کشتی میں سوار ہوکر دریائے جہلم عبور کررہا تھا، جس کے دوران کشتی الٹ گئی اور وہ ڈوب گئے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ مقامی لوگوں اور وہاں موجود غیر ریاستی مزدوروں کی مدد سے 7 کو بازیاب کرلیا گیا تاہم 2 مزدور پانی کی لہروں میں گم ہوگئے۔

 

اس کے فوراً بعد بچائو کارروائی شروع کی گئی اور لاپتہ افراد کی تلاش رات گئے تک جاری رہی۔مقامی لوگوں اور عینی شاہدین کے مطابق یہ دلدوز حادثہ شام ساڑھے 6 بجے کے قریب رونما ہوا۔لوگوں کا کہنا تھا کہ ریت سے بھری ایک کشتی جس میں 9 غیر ریاستی مزدور موجود تھے، بھاری وزن کے سبب دریائے جہلم میں ڈوب گئی۔پولیس نے بتایا کہ انہیں شام سوا سات بجے کے قریب حادثے کے حوالے سے اطلاع ملی ، جہاں فوری طوری پر ایس ڈی آر ایف،مقامی لوگ،پولیس اور سیول انتظامیہ بچاو کارروائیوں میں جٹ گئے۔بدھ کی شام رات دیر گئے لاپتہ افراد کی تلاش جاری تھی تاہم رات ہونے کے وجہ سے یہاں لوگوں بچائو کارروائی میں شامل ٹیموں کو دقتوں کا سامنا کرنا پڑ رہا تھا ۔لوگوں کا کہنا تھا کہ انہوں نے بچاؤ کارروائی میں پہلے ازخود حصہ لیا اور اس کے بعد پولیس اورفوج کی ریسکو ٹیمیں بھی یہاں پہنچی۔ اونتی پورہ پولیس نے اس واقعے سے متعلق کیس درج کرکے تحقیقات شروع کی ہے۔واضح رہے کہ 24روز قبل گنڈ بل بٹوارہ سرینگر میں بھی اسی طرح کا واقعہ پیش آیا جب دریائے جہلم میں بہت زیادہ پانی ہونے کے باوجود گنڈ بل کے لوگ جہلم پر پل نہ ہونے کے باعث کشتی میں سوار ہوئے اور کشتنی کی رسی ٹوٹ گئی اور وہ حاڈچہ کا شکار ہوئی۔ اس وقت کشتی میں 19افراد سوار تھے جس میں اب تک 8افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں جبکہ ایک شخص17اپریل سے اب تک بدستور لاپتہ ہے اور اسکی لاش ابھی تک بر آمد نہیں کی جاسکی ہے۔مذکورہ شخص کا بیٹا بھی جاں بحق ہوا ہے۔