ہٹی واڑہ میں2لاپتہ مزدوروں کی تلاش جاری گنڈ بل کے شہری کی تلاش 26ویں روز میں داخل

 مشتاق الاسلام

پلوامہ // پلوامہ ضلع کے ہٹی واڑہ اونتی پورہ علاقے میں بدھ کی شام دریائے جہلم میں 9 افراد کو لے جانے والی کشتی کے الٹ جانے کے نتیجے میں لاپتہ ہونے والے 2غیر مقامی مزدوروں کی تلاش دوسرے روز بھی جاری رہی جبکہ گنڈ بل کے شہری کی لاش 25ویں روز بھی بر آمد نہیں کی جاسکی۔ جمعرات کی صبح دوسرے روز بھی دو لاپتہ مزدوروں کی لاشوں کو تلاش کرنے کی مہم شروع کی گئی۔ ضلع ترقیاتی کمشنر پلوامہ نے کشتی الٹنے کے نتیجے میں جہلم میں غرقآب ہوئے دو مزدوروں کی لاشوں کو بازیاب کرنے تک ریسکیو آپریشن جاری رکھنے کی ہدایات دی ہیں ۔ حکام نے کہا کہ دریائے جہلم میں ہٹی وارہ لیتہ پورہ میں گزشتہ روز پیش آئے افسوسناک حادثے کے بعد اگر چہ 7افراد کو بچا لیا گیا ، تاہم دو دیگر غیر ریاستی مزدور پانی کی گہرائی میں گم ہوگئے۔ انہوں نے کہا کہ ایس ڈی آر ایف، پولیس، سول انتظامیہ اور نیم فوجی دستوں کی مشترکہ ٹیمیں لاپتہ افراد کی لاشیں نکالنے کی کوشش میں مصروف رہیں۔ادھر للہارہ کاکاپورہ سے تعلق رکھنے والے معروف غوطہ خور عبدالسلام نے بھی ہٹی وارہ میں غرقآب ہوئے مزدوروں کی لاشوں کو نکالنے کیلئے اپنی جانب سے کوششیں کیں۔یاد رہے کہ بدھ کی شام گوری پورہ سے ہٹی وارہ جانے والی ایک کشتی ،جس میں زیادہ تر مزدور تھے، نے کاکا پورہ پل کا راستہ اختیار کرنے کے بجائے کشتی سے دریا ئے جہلم عبور کرنے کی کوشش کی اور غرقآب ہوئے۔دریں اثناء ڈپٹی کمشنر پلوامہ ڈاکٹر بشارت قیوم اور ایس ایس پی اونتی پورہ رات بھر لاپتہ مزدوروں کی تلاشی کارروائی کی نگرانی کررہے تھے۔ادھر گنڈ بل بٹہ وارہ سرینگر میں 25روز قبل غرقآب ہوئے شہری شوکت احمد کی لاش ابھی تک بر آمد نہیں کی جاسکی ہے۔انکے بیٹے کی لاش 16روز بعد قمر واری پل کے نزدیک بازیاب ہوئی تھی۔