جل جیون مشن بھی پیاس نہ بجھا سکا | منڈی ڈنوگام کی عوام پینے کے صاف پانی سے محروم

Screenshot

عشرت حسین بٹ

منڈی//ضلع پونچھ کی تحصیل منڈی کے دور دراز علاقہ ڈنوگام کی عوام پینے کے صاف پانی سے محروم ہے۔ مکینوں کے مطابق ان کے علاقہ میں محکمہ جل شکتی کی جانب سے عوام کے لیے پینے کے صاف پانی کا کوئی بھی معقول انتظام نہیں ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ کہ محکمہ کی جانب سے ان کے علاقے میں دہائیوں قبل پانی کی پائپ لائن بچھائی گئی ہے جو بوسیدہ ہو چکی ہے اور عوام کو صاف پانی حاصل کرنے کے لیے پیدل سفر کرنا پڑتا ہے۔ ڈنوگام علاقہ سے تعلق رکھنے والے محمد اشرف نامی ایک شخص نے بتایا کہ ان کے علاقہ میں کبھی کبھار پینے کا صاف پانی آتا ہے اور عوام کو اس وجہ سے کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر ان کے علاقے میں کوئی شادی بیاہ یا اور کوئی تقریب ہو تو علاقہ کے لوگوں کو بالٹیوں کے ذریعے اپنے کندھوں پر پانی لانا پڑتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ محکمہ جل شکتی کی جانب سے مشن جل جیون کا بھی ابھی تک کوئی اتہ پتہ نہیں ہے ۔انہوں نے کہا کہ متعدد بار اس معاملے کو متعلقہ محکمہ کے نوٹس میں بھی لایا گیا مگر ابھی تک ان کی اس پریشانی کو دور نہیں کیا گیا۔ انہوں نے ضلع ترقیاتی کمشنر سے اپیل کی کہ وہ از خود ان کے علاقے کا دورہ کر کے صورت حال کا جائزہ لے کر عوام کی مشکالات کا ازالہ کروائیں۔