بارشوں سے بہتر فصلوں کی امید سرسوں کی پیداوار میں اضافہ، کسانوں میں خوشی کی لہر

 عظمیٰ نیوز سروس

سرینگر / /وادی کشمیر میں رواں سال سرسوں کے بہتر فصل کی امید ہے اور کسانوں میں خوشی کی لہر پائی جارہی ہے ۔ وادی کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے کسانوں نے بتایا کہ رواں سال موسم سرما سرسوں کی کاشت کیلئے سازگار رہا جس کی وجہ سے وہاں اچھی فصل ہوئی اور وہ بہتر پیداوار کی توقع رکھتے ہیں۔خبر رساں ایجنسی سی این آئی نے قاضی گنڈ سے تعلق رکھنے والے ایک کسان محمد شعبان نے بتایا کہ اس سال میدانی علاقوں میں کم برفباری ہوئی تاہم بروقت بارش نے سرسوں کی فصل کوکھلنے میں مدد دی۔انہوں نے کہا کہ’ محکمہ زراعت کی طرف سے فراہم کردہ سرسوں کے بیج ہمارے روایتی بیجوں سے بہتر اُگے ہیں اور ہمیں اس سال اچھی آمدنی کی توقع ہے‘۔ اسی دوران دیگر اضلاع کے کسانوں نے بھی اسی طرح کے خیالات کا اظہار کیا اور کہا کہ وہ اس سال اچھی پیداوار کی توقع رکھتے ہیں۔ادھر محکمہ زراعت کا کہنا ہے کہ ایک سال پہلے زیادہ تر لوگ اپنی زمینوں پر کچھ نہیں بوتے تھے لیکن مختلف پیرامیٹرز کو مدنظر رکھنے کے بعد زیادہ تر زمین سرسوں کی کاشت کیلئے سازگار پائی گئی۔انہوں نے کہا کہ جیسے ہی مرکزی حکومت نے تیل کے بیجوں کا مشن شروع کیا اور ہم نے مرکز کو لکھا کہ ہم اس کا حصہ بننا چاہتے ہیں، جس کے بعد انہوں نے ہمیں تقریباً 1,800 کوئنٹل بیج فراہم کیے۔