اہم خبریں

سانبہ، کٹھوعہ اور جموں اضلاع کے سرحدی علاقوںمیں تلاشی آپریشن

دراندازی کااندیشہ،سیکورٹی فورسزچوکنا، یاترا کیلئے بے مثال حفاظتی انتظامات :فوج

جموں// سالانہ امر ناتھ یاترا کے پیش نظر سیکورٹی فورسز نے ہفتے کے روز جموں میں بین الاقوامی کنٹرول لائن کے رہائشی اور جنگلی علاقوں کو محاصرے میں لے کر بڑے پیمانے پر تلاشی آپریشن شروع کیا ۔دفاعی ذرائع نے بتایا کہ جموں وکشمیر پولیس، سی آر پی ایف اور بی ایس ایف نے سانبہ، آر ایس پورہ جموں اور کٹھوعہ میں بین الاقوامی سرحد پر جنگجو مخالف آپریشن شروع کیا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ سراغ رساں ایجنسیوں نے دراندازی کا خدشہ ظاہر کیا ہے جس کے پیش نظر سرحدوں پر چوکسی بڑھائی گئی ۔اُن کے مطابق ملی ٹینٹوں کے عزائم کو ناکام بنانے کی خاطر جموں سے سری نگر تک سیکورٹی کے غیر معمولی انتظامات کئے گئے ہیں۔انہوں نے کہاکہ سرحدوں پر تعینات افواج کو چوبیس گھنٹے مستعد رہنے کے احکامات صادر کئے گئے ،جبکہ رات کا گشت بھی بڑھایا گیا ہے ۔دفاعی ذرائع نے مزید بتایا کہ یاترا میں رخنہ ڈٓلنے کی کسی کو اجازت نہیں دی جائے گی ۔انہوں نے کہاکہ جموں وکشمیر میں جگہ جگہ عارضی بینکر بنائے گئے ہیں جہاں پر ہر آنے جانے والے کی باریک بینی سے تلاشی لی جارہی ہیں۔اُن کا کہنا تھا کہ سرحدوں پر تین دائر وں والی سیکورٹی تعینات کی گئی ہے تاکہ امکانی درا ندازی کو ناکام بنایاجا سکے ۔معلوم ہوا ہے کہ یاترا کے احسن انعقاد کے لئے ‘امسال یاترا کے لئے جموں صوبہ میں سیکورٹی کے پختہ انتظامات کئے گئے ہیں، لکھن پور سے جواہر ٹنل تک جو 268 کلو میٹر قومی شاہراہ پانچ اضلاع کٹھوعہ، سانبہ، جموں، اودھم پور اور رام بن سے گزرتی ہے ، کو مختلف زونوں اور سیکٹروں میں تقسیم کیا گیا ہے اور زونل سطح پر ایک افسر کو لگایا گیا ہے ‘۔انہوں نے کہا کہ یاترا کو سب سے زیادہ دراندازی کا خطرہ رہتا ہے جس کے لئے سیکورٹی گرڈ کو مزید مضبوط کیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا: ‘سالانہ امرناتھ یاترا کو سب سے بڑا خطرہ یہ رہتا ہے کہ کہیں دراندازی نہ ہوجائے اور اس کے بعد کہیں کوئی واردات پیش نہ آجائے اس لئے سیکورٹٰی گرڈ کو مزید مستحکم کیا گیا ہے ‘۔ذرائع نے کہا کہ یاترا کو فول پروف سیکورٹی فراہم کرنے کے لئے بارڈر پولیس فورس کے ساتھ ساتھ بی ایس ایف کی اضافی کمپنیوں کو تعینات کیا گیا ہے ، یہ جموں، سانبہ اور کٹھوعہ میں اپنے مورچے لگائیں گے ۔انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی سرحد کی طرف سے قومی شاہراہ کی طرف آنے والی تمام سڑکوں پر چیک پوسٹ قائم کئے گئے ہیں، کئی جگہ گاڑیوں کی چیکنگ کے لئے چیک پوسٹ لگائے گئے ہیں اور جو قومی شاہراہ کے چیک پوسٹس ہیں انہیں مزید مستحکم کیا گیا ہے وہاں سینٹرل پیرا ملٹری فورسز کی اضافی نفری تعینات کی گئی ہیں۔

 

 

 

پرائیویٹ سکول ٹیچر پر طلباء کو فحش وڈیوز بھیجنے کا الزام 

ڈوڈہ کے لوگوں کا اظہارِ برہمی، معاملہ درج، تحقیقات جاری 

اشتیاق ملک

ڈوڈہ //ڈوڈہ ضلع کے دور دراز علاقہ برسوانہ میں قائم حاجی پبلک اسکول میں تعینات ایک غیر مقامی ٹیچر اپنے طلباء کو فحش ویڈیو بھیجنے کا معاملہ سامنے آیا ہے جس پر سول سوسائٹی و مقامی لوگوں نے غم و غصہ کا اظہار کرتے ہوئے مذکورہ ٹیچر کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق یہ واقعہ منظر عام پر آنے کے بعد پولیس نے ڈوڈہ تھانہ میں ملزم ٹیچر کے خلاف ایف آئی آر درج کر کے مزید تحقیقات شروع کی ہے۔ تفصیلات کے مطابق حاجی پبلک سکول برسوانہ میں تعینات بنگلور کے ایک ٹیچر پر اپنے طلباء و ادارہ میں تعینات خاتون عملہ کو ناقابل اعتراض و فحش ویڈیوز بھیجنے و مشکوک سرگرمیوں کے بارے میں متعلقہ حکام کو آگاہ کیا. مقامی لوگوں نے بتایا کہ مذکورہ سکول ٹیچر پہلے سے ہی غیر اخلاقی سرگرمیوں میں ملوث تھا اور اس کے متعلق متعدد بار ادارہ کے ذمہ داروں کو آگاہ کیا گیا لیکن اسکول انتظامیہ نے ہمیشہ انکار کیا تھا۔کشمیر عظمیٰ کو ملی جانکاری کے مطابق حال ہی میں ایسی بہت سی ویڈیوز منظر عام پر آ چکی ہیں جن میں مذکورہ ٹیچر کو غیر اخلاقی حرکات کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ اس ضمن میں جب کشمیر عظمیٰ نے ایس ایس پی ڈوڈہ عبد القیوم سے رابطہ کیا تو انہوں نے کہا کہ پولیس تھانہ ڈوڈہ میں مذکورہ شخص کے خلاف ایف آئی آر درج کی گئی ہے جس پر مزید تحقیقات شروع کی ہے۔

 

 

 

کشتواڑ میں آپسی لڑائی میدانِ جنگ میں تبدیل

ماما کے ہاتھوں بھانجے کا قتل ،ملزم گرفتار: پولیس

عاصف بٹ

کشتواڑ// ضلع کشتواڑ کے تحصیل درابشالہ کے علاقہ چموتی کے پنی نالہ میں جمعہ کی دیر شام کو آپسی جھگڑے میں ماما کے ہاتھوں بھانجے کی موت کا واقع سامنے آیا ہے جس کے بعد اسے رشتہ داروں نے زوردار احتجاج کیا اور اسے گرفتار کرنے کا مطالبہ کیا۔ تفصیلات کے مطابق یہ واقعہ جمعہ کی دیر شام کو پیش آیا جب بچوں کی آپسی لڑائی کے دوران فرید احمد نے اپنے ہی بھانجے گلزار احمد کے سرپر وار کیا جس کے بعد اسے فوری طور ٹرامہ سینٹر ٹھاٹھری منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دیا۔ گلزار احمد کے بھائی نے ملزم کو پھانسی دینے کا مطالبہ کیا ہے۔  اُنہوں نے کہا کہ یہ شخص پہلے ہی اُنہیں دھمکیاں دے رہا تھا اور اب بچے کا قتل کر دیا ہے۔ پولیس نے اسے پکڑنے کیلئے بڑے پیمانے پر آپریشن شروع کیا تھا اور انھیں سنیچر کو کامیابی ملی اور فرید احمد کو گرفتار کیا گیا۔ پولیس نے اس سلسلے میں قانون کی متعدد دفعات کے تحت مقدمہ درج کرکے تحقیقات شروع کردی ہے۔وہیں علاقہ میں صف ماتم بچھا ہے اور لوگ اسکے خلاف سخت کاروائی کا مطالبہ کررہے ہیں۔

 

 

 

 

 سالانہ امر ناتھ یاترا کیلئے حفاظت کے سخت انتظامات

 پہلے جھتے میں شامل سادھوؤں کی بڑی تعداد جموں پہنچی

جموں//سالانہ شری امر ناتھ یاترا کے لئے کئے گئے سخت سیکورٹی بندوبست کے بیچ سادھوؤں کی ایک بڑی تعداد ہفتے کے روز جموں پہنچی۔ان سادھوؤں کو جموں کے بھگوتی نگر میں رکھا گیا ہے جہاں پر اْنہیں سبھی طرح کی سہولیات میسر رکھی گئی ہے۔اْتر پردیش سے آئے ہوئے ایک سادھو نے نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران بتایا کہ ہمیں کوئی ڈر اور خوف نہیں ہے۔انہوں نے بتایا کہ کشمیر میں جب ملی ٹنسی کا دور دورہ تھا تب بھی وہ یاترا پر آتے تھے اور اس دوران اْن کے ساتھ آج تک کسی نے کچھ نہیں کیا۔اْن کے مطابق سب کو سالانہ امر ناتھ یاترا میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینا چاہئے کیونکہ بابا برفانی کے درشن سے پچھلے سبھی گناہ مٹ جاتے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ انتظامیہ نے یاتریوں کے لئے سبھی سہولیات میسر رکھی ہیں۔بتادیں کہ سالانہ امر ناتھ یاترا کو خوش اسلوبی کے ساتھ پایہ تکمیل تک پہنچانے کی خاطر اس بار سیکورٹی کے غیر معمولی انتظامات کئے گئے ہیں۔جموں کے بھگوتی نگر سے لے کر پوترا گھپا تک لگ بھگ 350 کے قریب اضافی کمپنیاں تعینات کی گئی ہیں۔

 

جنگلات کو بھاری نقصان پہنچانے کا شاخسانہ 

ٹھاٹھری کا 1 شخص پی ایس اے کے تحت گرفتار 

اشتیاق ملک

ڈوڈہ //جنگل مافیا کے خلاف شکنجہ کستے ہوئے ڈی ایف او بھدرواہ کی سفارش پر ضلع مجسٹریٹ ڈوڈہ نے انتہائی مطلوب سمگلر کو پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت جیل بھیج دیا ہے۔ ڈی ایف او بھدرواہ چندر شیکھر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مسعود احمد ولد غلام حسن ساکنہ بٹاڑا فیگسو کا شمار علاقہ کے مشہور جنگل مافیا میں کیا جاتا ہے جس نے چرالہ رینج میں سبز سونے کو بھاری نقصان پہنچایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مذکورہ شخص پیڑ پودوں کا ناجائز کٹاؤ کرکے غیر قانونی طور پر اسکی اسمگلنگ کرتا تھا۔ ڈی ایف او نے کہا کہ ریجن آفیسر چرالہ و اس کی ٹیم کی مدد سے مسعود احمد کی نشاندہی کر کے اس کی گرفتاری عمل میں لائی اور تمام لوازمات مکمل کرکے مزید کارروائی کے لئے اعلیٰ حکام کے سپرد کیا گیا جس میں پر ڈپٹی کمشنر ڈوڈہ وکاس شرما نے سنجیدہ نوٹس لیتے ہوئے پی ایس اے 1978 ایکٹ کے تحت بند کر کے بھدرواہ جیل بھیجنے کے احکامات جاری کئے۔ ڈی ایف او نے کہا کہ اگر چہ اس سے پہلے بھی چناب سرکل میں جنگل اسمگلروں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی گئی ہے لیکن موجودہ دور میں یہ اپنی نوعیت کا پہلا معاملہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھدرواہ ڈویڑن کے رینج بھلیسہ، چرالہ ،نیرو کیلاڑ میں ابھی بہت سے ایسے اسمگلر ہیں جو جنگلات کو بھاری نقصان پہنچا رہے ہیں تاہم محکمہ دیگر سرکاری ایجنسیوں کے اشتراک سے ان کے خلاف تمام ثبوت جمع کررہا ہے اور آنے والے وقت میں بہت سے افراد کو پی ایس اے کے تحت بند کیا جائیگا۔ ڈی ایف او نے ڈی سی، ایس ایس پی و دیگر انتظامیہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کے تعاون سے ہی جنگل مافیا کو بے نقاب کرنے میں مدد مل رہی ہے۔ انہوں نے سیول سوسائٹی سے اپیل کی کہ وہ جنگلات کے تحفظ کیلئے محکمہ اپنا ہر ممکن تعاون فراہم کریں اور ایسے افراد کو بے نقاب کریں جو سبز سونے کو نقصان پہنچا رہا ہے۔

 

 

 

جموں صوبہ میں بغیر ایچ ایس آر پی کے 131 گاڑیاں ضبط 

جموں// موٹر وہیکل ڈپارٹمنٹ کی ٹیموں نے ہفتہ کو جموں صوبہ میں دن بھر کی مہم کے دوران ہائی سیکیورٹی رجسٹریشن پلیٹس کے بغیر 131 گاڑیوں کو ضبط کیا۔ہائی سیکورٹی رجسٹریشن پلیٹس (ایچ ایس آر پی) کو لازمی لگانے کے لیے تیز اور جارحانہ مہم میں، متعلقہ آر ٹی اوز / اے آر ٹی اوز کی سربراہی میں موٹر وہیکل ڈیپارٹمنٹ کی ٹیموں نے جموں ضلع میں 26 گاڑیاں، ضلع سانبہ میں 19 گاڑیاں، اودھم پور میں21 ، ضلع کٹھوعہ میں 21 گاڑیاں، ضلع راجوری میں 12 گاڑیاں، ضلع ریاسی میں 10 گاڑیاں، ضلع کشتواڑ میں 08 گاڑیاں اور پونچھ ضلع میں 8 گاڑیاں اور ضلع ڈوڈہ میں 06 گاڑیاں ضبط کیں۔

 

 

 

ہیرانگر میں کسانوں کیلئے آگاہی و تربیتی کیمپ کا انعقاد

جموں//کٹھوعہ ضلع کے ہیرا نگر کے گاؤں سبیچک میں سنیچر کو ایک روزہ کسان بیداری و تربیتی کیمپ کا انعقاد کیا گیا۔ اس کیمپ میں ڈائریکٹر ہارٹیکلچر جموں، رام ساواک، جے کے اے ایس، ڈی ڈی سی ممبران، بی ڈی سی چیئرمین اور 200 سے زائد کسانوں بشمول خواتین اور پی آر آئی ممبران نے شرکت کی۔کسانوں کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے ناظم باغبانی جموں نے محکمہ کی مرکزی اور یوٹی اسپانسر شدہ باغبانی کی اسکیموں پر غور کیا۔ انہوں نے ان پر زور دیا کہ وہ جدید ترین ٹیکنالوجی اور میکانائزیشن، ہائی ڈینسیٹی پلانٹیشن، اسٹرابیری اور ایلوویرا کی کاشت، محفوظ کاشت، آبپاشی کے ذرائع کی تخلیق وغیرہ کو اپنانے پر زور دیں۔انہوں نے مزید کہا کہ ضلع میں باغبانی کی فصلوں کے لیے بہت زیادہ پوٹینشل موجود ہے جس سے فائدہ اٹھانا ضروری ہے اور انہوں نے پی آر آئی اور فیلڈ افسران سے اپیل کی کہ وہ کسانوں کی آمدنی کو دوگنا کرنے کے لیے مل کر کام کریں اور محکمہ کی نرسری ڈیولپمنٹ اسکیم، سولر ڈرائر کے قیام اور اس پر خصوصی توجہ دیں۔ اس کے علاوہ مٹی کی جانچ بھی موقع پر کی گئی۔قبل ازیں چیف باغبانی آفیسر کٹھوعہ سشیل کمار انگورانہ نے بارش کے موسم میں پودے لگانے پر غور کیا اور کسانوں کو باغبانی کے شعبے کو تجارتی موڈ پر اپنانے پر آمادہ کیا۔

 

 

سڑکوں کی مرمت و تجدید کاری کے معاملات

ڈی ڈی سی چیئرپرسن اودھم پور نے جائزہ لیا

ادھم پور//چیئرپرسن ضلع ترقیاتی کونسل ادھم پور لال چند نے سنیچر کو بریگیڈئر راجو بترا، چیف انجینئر، ملٹری انجینئرنگ سروس (ایم ای ایس) ادھم پور زون 56 اے پی او اپنے دفتر کے چیمبر ناردرن کمانڈ ادھم پور میں ملاقات کی۔ ایم ای ایس کے زیر انتظام سڑکوں کے بارے میں تفصیلی بات چیت کی گئی جو ضلع ادھم پور کے باشندے استعمال کرتے ہیں، جن میں جیب موڑ تا 10 گڑھ آر آئی ایف انٹری گیٹ، آئی کے ایم گڑھی تا گٹیال روڈ شامل ہیں۔ سڑکوں پر تجاوزات وغیرہ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔چیئرمین ڈی ڈی سی نے سڑک کی چوڑائی 4 میٹر بی ٹی سے بڑھا کر 5.5 میٹر بی ٹی کرنے اور سڑک کے تباہ شدہ علاقے کی فوری بنیادوں پر مرمت کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔چیئرپرسن ڈی ڈی سی ادھم پور کو چیف انجینئر ادھم پور زون نے یقین دلایا کہ وہ مسائل کو دیکھیں گے اور جلد از جلد مناسب کارروائی کریں گے۔

 

 

مڑواہ میں مقامی لوگوں کا احتجاج

سڑک کی تعمیرکیلئے فارسٹ کلیرنس کا مطالبہ

عاصف بٹ

کشتواڑ// ضلع کشتواڑ کی سب ڈویژن مڑواہ کے علاقہ تیلر کی عوام نے ڈویژن ہیڈکواٹر پر فارسٹ کلئیرنس کو لیکر زوردار احتجاج کیا۔ مختلف علاقوں کی عوام نے کی دیہاتیوں سے علاقے میں زیرتعمیر سڑک پر سے فارسٹ کلئیرنس کولیکر زورداد احتجاج کیا۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ اس دورجدید۔میں بھی عوام قدیم انسانوں کی طرح زندگی بسرکررہے ہیں جہاں علاقہ میں سڑک ، تعلیم ، صحت و موصولاتء نظام موجود ہی نہیں ہے۔سماجی کارکن رعوف لون نے بتایا کہ جہاں مرکزی سرکار نہ مشکلات ترین مقامات پر سڑکیں تعمیر کی اور ملک بھر کے اندر لاکھوں درخت کاٹے گئے اور سڑکیں تعمیر کی گی لیکن علاقہ مڑواہ کیلئے تعمیر ہورہی سڑک کیلئے نہ جانے کن وجوہات پر کچھ کی دیہاتوں سے فارسٹ کلئیرینس کو لیکر سڑک تعمیر نہیں کی جارہی ہے۔ سرکار ہماری مشکلات کا ازالہ نہیں کررہی ہے جسے لیکر ہم احتجاج پر اترآئے۔انھوں نے بتایا کہ علاقے کا سب سے بڑا مسئلہ سالا سال سڑک رابطے سے جوڑنے کو لیکر ہے اور انتظامیہ کو جلد ازجلد اس پر کوئی قدم اٹھاناچاہے۔ انھوں نے لیفٹیننٹ گورنر سے علاقے میں اکر حالات کا جایزہ لینے کو کہا اورتاکہ ان مشکلاتکا ازالہ ممکن ہوسکے۔

 

 

ایس ڈی آر ایف امدادی معاملات کو منظوری

کشتواڑ//ایڈیشنل ضلع ترقیاتی کمشنر (اے ڈی ڈی سی) کشتواڑ شام لال نے سنیچر کو یہاں اپنے دفتر کے چیمبر، منی سیکرٹریٹ ڈی سی دفتر کمپلیکس میں ایس ڈی آر ایف کے تحت امدادی معاملات کا جائزہ لینے اور منظوری دینے کے لیے ایک میٹنگ کی صدارت کی۔اجلاس میں پیش کیے گئے تمام کیسز کو تفصیلی بحث اور تصدیق کے بعد کلیئر کر دیا گیا۔اس کے علاوہ اے ڈی ڈی سی کشتواڑ نے بھی زیر التوا ریلیف کیسوں کا جائزہ لیا۔ انہیں بتایا گیا کہ آج تک موصول ہونے والے تمام کیسز درست تصدیق کے بعد جمع کرائے گئے ہیں۔تمام ایس ڈی ایمز اور تحصیلداروں کو ہدایت دی گئی کہ وہ ریلیف فائلیں مقررہ وقت میں ڈی سی دفتر میں جمع کرائیں تاکہ ان کی کلیئرنس کو یقینی بنایا جا سکے۔

 

ڈی سی ادھم پور نے ضلع کیپیکس بجٹ کے کاموں کا جائزہ لیا

ادھم پور//ضلع ترقیاتی کمشنر ادھم پور کریتیکا جیوتسنا نے سنیچر کو مختلف محکموں کے افسران کی ایک میٹنگ طلب کی تاکہ ضلع کیپیکس بجٹ بشمول ایریا ڈیولپمنٹ پلان 2022-23 کے تحت ترقیاتی کاموں کی حالت اور ٹینڈرنگ کا جائزہ لیا جا سکے۔ضلع کیپیکس بجٹ کے تحت مرکزی اور ریاستی سیکٹر کی سکیموں سے متعلق مختلف پہلوؤں پر تھریڈ بیئر بات چیت کی گئی۔ اجلاس میں ٹینڈرنگ کی صورتحال، الاٹمنٹس، کیے گئے کام کے لیے تیار کردہ بل، منظور شدہ کاموں کے کلیمز، تکمیل کے لیے ٹائم لائن، دیگر محکموں کے کام کی صورتحال، نئے کام، کاموں کا باقاعدہ جزو، اخراجات کی ماہانہ کتاب،صحت، تعلیم، آر اینڈ بی، پی ڈی ڈی، پی ایچ ای، زمینی پانی، وائی ایس ایس، زراعت، بھیڑ پالنے اور باغبانی کے شعبے سمیت نئے منصوبوں کا جائزہ لیا گیا۔ ڈی ڈی سی نے افسران سے ٹینڈرنگ میں تیزی لانے اور تمام کاموں کی ٹائم لائن پر عمل کرنے کو کہا۔ڈی سی نے متعلقہ محکموں کے افسران کو ہدایت دی کہ وہ تمام رسمی کارروائیوں کو مکمل کریں اور ترجیحی بنیادوں پر کام شروع کریں۔ عمل درآمد کرنے والی ایجنسیوں سے کہا گیا کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ الاٹ شدہ کام اس سال جولائی کے آخر تک مکمل کر لیے جائیں۔

 

 

ڈی سی ریاسی نے پنچایت سیلا میں عوامی مسائل سنے

ریاسی//ڈپٹی کمشنر ریاسی بابیلا رکوال نے سنیچر کو یہاں پنچایت سیلہ میں عوامی رابطہ اور شکایات کے ازالے کے کیمپ کا انعقاد کیا۔ پنچائتی نمائندگان اور مقامی لوگوں کے ساتھ بات چیت کے دوران ڈی سی نے ان کے مسائل اور مطالبات سنے اور متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ تمام حقیقی شکایات کا ترجیحی بنیادوں پر ازالہ کیا جائے۔سول سوسائٹی کے اراکین نے کئی مسائل اٹھائے جن میں آٹو ڈرائیورز کے فٹنس سرٹیفکیٹ/انشورنس سرٹیفکیٹ کی سخت جانچ، مسافر گاڑیوں کا باقاعدہ معائنہ، پلے فیلڈ کی ترقی، ڈومیسائل سرٹیفکیٹ کے اجراء کے لیے کیمپ کا انعقاد، واضح تفصیلات کے ساتھ کان کنی کے لائسنس کا اجراء ، بارہ داری کی تزئین و آرائش شامل ہیں۔ سڑک، 2017-18 کے زیر التواء منریگا واجبات کی ادائیگی، اساتذہ کی معقولیت، سیلاب پر قابو پانے کے لیے کریٹس کی ضرورت کے متعلق معاملات بھی ڈی سی کے سامنے پیش کئے گئے۔  شکایات کے جلد ازالے کے لیے متعلقہ حلقوں کو ضروری ہدایات جاری کر دی گئیں۔ ضلع افسران، پی آر آئی اور عوام کے درمیان آمنے سامنے بات چیت کے بعد کچھ مسائل موقع پر ہی حل ہو گئے۔ڈپٹی کمشنر نے ترقیاتی کاموں کو مقررہ وقت میں مکمل کرنے اور مرکزی اسپانسر شدہ اسکیموں جیسے منریگا پی ایم اے وائی-گرامین آیوشمان بھارت پردھان منتری کسان سمان ندھی یوجنا اور دیگر اسکیموں کے فوائد کو شفاف طریقے سے بڑھانے کی ہدایت بھی دی۔

 

 منشیات کا استعمال اور غیر قانونی سمگلنگ 

ڈگری کالج بانہال میںتقریب کا انعقاد

محمد تسکین

بانہال// گورنمنٹ ڈگری کالج بانہال کی ڈیبیٹس اینڈ سیمینار کمیٹی اور این ایس ایس یونٹ نے “آزادی کا امرت مہا اتسو” کے زیراہتمام سب ضلع ہسپتال بانہال کے تعاون سے منشیات کے استعمال اور غیر قانونی سمگلنگ کے خلاف عالمی دن کی نسبت سے ایک تقریب کا انعقاد کیا۔ اس موقع پر ڈگری کالج بانہال کے کانفرنس ہال میں منشیات کے استعمال سے متعلق آگاہی پروگرام کا انعقاد کیا گیا۔ مذکورہ پروگرام میں طلباء اور فیکلٹی ممبران کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پر ڈاکٹر شوکت حسین بٹ میڈیکل آفیسر سب ضلع ہسپتال بانہال ریسورس پرسن تھے۔ مقررین نے “منشیات کے حقائق بانٹیں اور زندگیاں بچائیں” کے موضوع پر تفصیلی روشنی ڈالی اور نوجوان نسل میں منشیات کی بڑھتی بدعت پر بات کی۔ انہوں نے کہا کہ منشیات کے استعمال اور منشیات کی لت کے نتیجے میں ہمارے سماج اور ہماری اندر نفسیاتی خرابیاں پیدا ہورہی ہیں اور منشیات کی وجہ سے ہمارے معاشرے میں جرائم کا گراف بڑھ جاتا ہے اور امن و امان کی صورتحال بھی بگڑ کر رہ جاتی ہے۔

اس حوالے سے پروگرام کے اخر میں سوال جواب کا سیشن ہوا اور اس ضمن میں ماہرین سے کئے گئے سوالات کے جواب دیئے گئے۔ منشیات کی بدعت اور سمگلنگ کے عالمی دن پر تمام شرکاء نے حلف برداری کی تقریب میں حصہ لیا اور اس بات کا اعادہ کیا گیا کہ منشیات کی لعنت سے سماج اور نوجوانوں کو دور رکھنے اور روکھتام کیلئے ڈگری کالج بانہال کے تمام طالبعلم اور سٹاف ممبران اپنی سطح پر ہرممکن کوشش کو جاری رکھیں گے۔

 

ڈی ڈی سی چیئرپرسن نے پنچایت ترچی کا دورہ کیا

اودھم پور کے علاقے میں جاری ترقیاتی کاموں کا معائنہ کیا

ادھم پور// ضلع ترقیاتی کونسل کے چیئرپرسن ادھم پور لال چند نے چیئرمین بلاک ڈیولپمنٹ کونسل اودھم پور بلوان سنگھ کے ساتھ سنیچر کو پنچایت ترشی نارور کا ایک وسیع دورہ کیا۔ دورے کے دوران، ڈی ڈی سی چیئرپرسن نے 14ویں ایف سی کے تحت کمیونٹی سہولت سینٹر کے جاری تعمیراتی کام کا جائزہ لیا اور اس کے سلیب کے کام کا آغاز چیئرمین بلاک ڈیولپمنٹ کونسل ادھم پور بلوان سنگھ، سرپنچ پون شرما، پی آر آئی ممبران اور علاقے کے مقامی لوگوں کی موجودگی میں کیا۔ڈی ڈی سی کے چیئرپرسن نے حکام کو ہدایت دی کہ وہ تعمیراتی کام کو مقررہ مدت میں مکمل کریں تاکہ مقامی لوگوں کو سی ایف سی بلڈنگ کا جلد فائدہ پہنچایا جا سکے۔راستے میں، ڈی ڈی سی کے چیئرپرسن نے منریگا کے تحت فنڈ سے ملنے والے تالاب کی تعمیر کا بھی معائنہ کیا اور متعلقہ پنچ، نائب سرپنچ اور سرپنچ کی کوششوں کی تعریف کی۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ پنچایت منریگا کے تحت اس نوعیت کے پروجیکٹوں کو جاری رکھے گی جس سے زیادہ سے زیادہ لوگوں کو فائدہ پہنچانے کی صلاحیت ہے۔ پی ایم جی ایس وائی گنڈالہ تا ترشی سڑک کا معائنہ کرتے ہوئے، ڈی ڈی سی چیئرپرسن نے ایسی جگہ پر ہیوم پائپ کے استعمال کا سنجیدگی سے نوٹس لیا جہاں آر سی سی کلورٹ کی اشد ضرورت تھی۔ انہوں نے ایکس ای این پی ایم جی ایس وائی کو ہدایت دی کہ وہ جلد از جلد پل کی تعمیر کریں تاکہ عام لوگوں کو بہتر کنیکٹیویٹی کی کمی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔