انسان وحوش تصادم افواہوںکو روکنے کیلئے معلومات کی جانچ کی ہدایت

عظمیٰ نیوز سروس

سرینگر// انسانوں اور جانوروں کے تصادم کے بڑھتے ہوئے واقعات کے تناظر میںصوبائی کمشنر کشمیر وجے کمار بدھوری نے کل اچھی طرح سے بنائی گئی حکمت عملی کو ترتیب دینے اور جنگلی جانوروں کے حملوں سے نمٹنے کے لیے مربوط کوششوں پر زور دیا۔اس سلسلے میں بدھوری نے ایک میٹنگ طلب کی جس میں ایڈیشنل چیف کنزرویٹر آف فاریسٹ، ڈپٹی کمشنروں، ایس ایس پیز، ریجنل وائلڈ لائف وارڈن اور کنزرویٹر آف فاریسٹ نے شرکت کی۔صوبائی کمشنرنے جنگلی جانوروں کو دیکھنے کے حوالے سے افواہوں کو روکنے کے لیے معلومات کی جانچ پر زور دیا تاکہ جنگلی حیات کی ٹیمیں مرکوز رہیں اور وسائل پر زیادہ بوجھ نہ پڑے۔

 

میٹنگ میںبتایا گیا کہ تیندوے یا دیگر جانوروں کی موجودگی کے حوالے سے محکمہ جنگلی حیات کو موصول ہونے والی کالوں میں سے90 فیصد کالیں افواہوں پر مبنی تھیں۔ایک فعال نقطہ نظر کو اپنانے پر زور دیتے ہوے صوبائی کمشنر نے وقت ضائع کیے بغیر فوری جواب کے لیے ابتدائی معلومات حاصل کرنے کے لیے ایک مرکزی ہیلپ لائن نمبر بنانے پر زور دیا۔انہوں نے محکمہ وائلڈ لائف کو تمام اضلاع میں عملے کی استعداد کار بڑھانے اور ضلعی سطح پر کنٹرول روموں کے آپریشن کی بھی ہدایت دی۔انہوں نے SSPs سے کہا کہ وہ بھیڑ جمع ہونے اور شہریوں کی حفاظت کے لیے ضرورت پڑنے پروائلڈ لائف ٹیموںکو پولیس اہلکار فراہم کرکے مدد کریں۔بیدھوری نے اربن لوکل باڈیز کے متعلقہ افسران کو ہدایت دی کہ وہ علاقوں کو کوڑے کرکٹ سے صاف رکھیں اور کچرے کو مناسب طریقے سے ٹھکانے لگائیں تاکہ آوارہ کتے راغب نہ ہوں۔انہوں نے لوگوں سے کہا کہ وہ اپنے بچوں کو صبح سے پہلے اور شام کے بعد کے اوقات میں اکیلا نہ چھوڑیں اور انہیں دیہی علاقوں میں گروپوں میں منتقل ہونے کا مشورہ دیا جہاں جنگلی جانوروں کے گھومنے کی تصدیق ہوئی ہے۔ میٹنگ میںبتایا گیا کہ محکمہ وائلڈ لائف جنگلی جانوروں کو لالچ دے کر پھنسانے کے لیے پنجروں کا استعمال کر رہا ہے اور جنگلی درندوں کو پکڑنے کے لیے ڈرون سروے کرنے کے ساتھ ساتھ کیمرہ ٹریپ بھی لگا رہا ہے۔