وادی میں موسم خشک:رواں ماہ بھاری بارشوں کا کوئی امکان نہیں

Photo: Amaan Farooq

سری نگر//محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے عین مطابق وادی کشمیر میں جہاں ایک طرف موسم میں بتدریج بہتری واقع ہو رہی ہے وہیں دریائے جہلم سمیت دیگر ندی نالوں میں بھی پانی کی سطح لگاتار کم ہو رہی ہے۔

محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق وادی میں اگلے چوبیس گھنٹوں کے دوران موسم مجموعی طور پر خشک رہنے کا امکان ہے۔انہوں نے کہا کہ اس دوران کئی علاقوں میں گرمی کی شدت محسوس ہوسکتی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ماہ رواں کے اختتام تک بھاری بارشوں کا کوئی امکان نہیں ہے۔

وادی میں موسم میں بہتری کے باوجود شبانہ درجہ حرارت معمول سے نیچے درج ہوا ہے۔

سری نگر میں کم سے کم درجہ حرارت 13.7، پہلگام 6.3 اور گلمرگ میں 4.5 ڈگری سیلسیس درج کیا گیا ہے۔

لداخ کے علاقے لیہہ میں 7.4 اور کرگل میں کم سے کم درجہ حرارت 10 ریکارڈ کیا گیا۔

جموں میں 21.9، کٹرہ میں 21.2، بٹوت میں 15.2، بانہال میں 13.8 اور بھدرواہ میں 14.6 درجہ حرارت کم سے کم درج کیا گیا۔