ترال میں مسجد اور آستانِ عالیہ کو شر پسندوں کے ہاتھوں نقصان، پولیس نے تحقیقات شروع کی

سید اعجاز

ترال // جنوبی کشمیر کے ترال میں شرپسندوں نے ایک مسجد اور آستانِ عالیہ کو نقصان پہنچا یا ہے، جس کے بعد پولیس نے مقدمہ درج کر کے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
اونتی پورہ پولیس کی جانب جاری ایک بیان میں بتایا گیا ہے کہ گزشتہ رات کچھ شرپسندوں نے ترال کے ڈاڈسرہ میں مقامی زیارت شریف اور ایک مسجد کی کھڑکیوں کو نقصان پہنچا یا اور قرآن پاک کی بے حرمتی کرنے کی کوشش کی۔
اُنہوں نے بتایا کہ اس سلسلے میں پولیس نے متعلقہ قانون کے تحت مقدمہ درج کر لیا ہے۔
پولیس نے کہ شبہ ہے کہ شرپسندوں نے ایسا فساد پھیلانے اور امن و امان کو خراب کرنے کے لیے کیا ہے۔ پولیس نے مقامی شہریوں کو یقین دلایا کہ پولیس ان کی تلاش میں ہے اور ان بدکرداروں اور ان کے پیچھے لوگوں کو بھی پکڑے گی۔
اُنہوں نے کہا کہ ان کے ساتھ قانون کے تحت سختی سے نمٹا کر کے سلاخوں کے پیچھے ڈالے جانے کے علاوہ، وہ تمام لوگ جنہوں نے اللہ تعالیٰ کی انتہائی قابل احترام علامتوں کا غلط استعمال کر کے امن کو خراب کرنے کے مقصد سے ایسے مجرموں کو اکسایا یا ان کی سہولت فراہم کی ہے، وہ بھی تمام سرکاری مراعات، سرکاری ملازمت، لائسنس اور پرمٹ سے محروم ہو جائیں گے۔
پولیس نے کہا کہ پولیس پوری طاقت سے مجرموں کا پتہ لگانے اور سزا دینے کے لیے استعمال کی جائے گی۔