پی ڈی پی امیدوار نے دفعہ 370 کی منسوخی میں بھاجپا کی مدد کی: عمر عبداللہ

File Photo

عظمیٰ ویب ڈیسک

سرینگر// سابق وزیر اعلیٰ اور نیشنل کانفرنس کے نائب صدر عمر عبداللہ نے پیر کو کہا کہ بارہمولہ لوک سبھا سیٹ کیلئے پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کے امیدوار نے دفعہ 370 کو منسوخ کرنے میں حکمران جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی کی مدد کی۔
شمالی کشمیر کے کپواڑہ ضلع کے لنگیٹ علاقے میں ایک پارٹی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے، عمر نے، جو بارہمولہ لوک سبھا حلقہ سے پارٹی کے امیدوار ہیں، کہا کہ بارہمولہ لوک سبھا حلقہ سے پی ڈی پی امیدوار نے راجیہ سبھا میں دفعہ 370 کی منسوخی کے خلاف ووٹ نہیں دیا۔
اُنہوں نے لوگوں سے کہا، “آپ کو قلم دوات کے نشان والے امیدوار سے پوچھنا چاہئے جو میرے خلاف مقابلہ کر رہے ہیں جب دفعہ 370 پر راجیہ سبھا میں ووٹنگ ہوئی تو وہ کہاں تھے؟ راجیہ سبھا میں بی جے پی کی اکثریت نہیں تھی۔ وہ غیر حاضر رہے۔ انہوں نے دفعہ 370 کی منسوخی کے خلاف ووٹ نہیں دیا”۔
عمر نے کہا کہ پی ڈی پی امیدوار وزیر اعظم نریندر مودی کی براہ راست مدد کرنے کیلئے راجیہ سبھا سے غیر حاضر رہے۔
عمر نے پوچھا، “کیا ہمیں دوبارہ ایسے نمائندے پارلیمنٹ میں بھیجنے چاہئیں؟”