پٹن جھڑپ میں مارے گئے جنگجوفوج کی بھرتی ریلی کو نشانہ بنانا چاہتے تھے:ایس ایس پی بارہمولہ

بارہمولہ//پولیس کا کہنا ہے کہ پٹن میں سیکورٹی فورسز کے ساتھ مارے گئے دو جیش ملی ٹینٹ آرمی ریلی میں رخنہ ڈالنے کی فراق میں تھے ۔
انہوں نے کہاکہ ایک بہت بڑے منصوبے کو رونما ہونے سے پہلے ہی ٹالا گیا۔
ایس ایس پی بارہ مولہ رائیس بٹ نے ایک پُر ہجوم پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ پٹن میں مارے گئے دو جیش جنگجو فوجی ریلی کو نشانہ بنانے کی فراق میں تھے۔
انہوں نے بتایا کہ شمالی کشمیر کے یدی پورہ پٹن علاقے میں جنگجووں کی موجودگی کی اطلاع موصول ہونے کے بعد فوج اور پولیس نے مشترکہ طورپر جمعے اعلیٰ الصبح تلاشی آپریشن شروع کیا۔
انہوں نے کہاکہ جوں ہی سیکورٹی فورسز کے اہلکار ایک مشتبہ مقام کے نزدیک پہنچے تو وہاں پر موجود ملی ٹینٹوں نے فورسز پر اندھا دھند فائرنگ شروع کی چنانچہ سلامتی عملے نے بھی پوزیشن سنبھال کر جوابی کارروائی کا آغاز کیا جس دوران دو ملی ٹینٹ مارے گئے۔
اُن کے مطابق مہلوک جنگجووں کے قبضے سے اسلحہ و گولہ بارود اور قابل اعتراض مواد برآمد کرکے ضبط کیا گیا۔
موصوف ایس ایس پی کا کہنا ہے کہ مہلوک ملی ٹینٹوں کو بارہ مولہ میں آرمی ریکروٹمنٹ ریلی پر حملہ کرنے کا کام سونپ دیا گیا تھا تاہم سیکورٹی فورسز نے ممنوع تنظیم کا مشن ناکام بنایا ۔
انہوں نے مزید کہاکہ یہ آپریشن کلین تھا او راس دوران سیکورٹی فورسز کو کوئی نقصان نہیں ہوا۔
ایس ایس پی نے نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ تشدد کا راستہ نہ اپنائیں ۔
انہوں نے عوام سے پر زور اپیل کی ہے کہ وہ جائے تصادم پر جانے سے تب تک گریز کیا کریں جب تک اسے پوری طرح سے صاف قرار نہ دیا جائے کیونکہ پولیس اور دیگر سلامتی ادارے لوگوں کے جاں و مال کی محافظ ہے لہذا لوگوں کی قیمتی جانوں کو بچانے کے لئے پولیس ہر ممکن کوشش کرتی ہے۔