رام بن کے دور دراز پولنگ بوتھوں کیلئے عملہ روانہ، انتخابات کے پرامن انعقاد کیلئے بہترین انتظامات

محمد تسکین

بانہال // اودھم پور-ڈوڈہ پارلیمانی نشست پر کل 19 اپریل بروز جمعہ کو پہلے مرحلے میں ووٹ ڈالے جارہے ہیں اور اس کیلئے سرکاری حکام کی طرف سے تمام تیاریاں مکمل کی گئی ہیں۔
جمعرات کی صبح سے موسم کی خرابی اور ہلکی بارشوں کے باوجود ایس ڈی ایم بانہال رضوان اصغر جو اسسٹنٹ الیکشن ریٹرننگ افسر بھی ہیں نے بانہال سٹرلنگ روم سے پولنگ پارٹیوں کو دور دراز کے علاقوں کی طرف ہری جھنڈی دکھا کر روانہ کیا ہے۔
الیکشن کیلئے ضلع الیکشن انتظامیہ نے سیکورٹی کے سخت انتظامات کر رکھے ہیں اور الیکشن عملے کیلئے بھی تمام تر انتظامات کئے گئے ہیں۔
ایس ڈی ایم بانہال رضوان اصغر جو اسمبلی حلقہ انتخاب بانہال اور گول AC55 کے اسسٹنٹ ریٹرننگ آفیسر بھی ہیں نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ بانہال گول حلقہ انتخاب میں 186 پولنگ سٹیشن قائم کئے گئے ہیں اور گول ، پوگل پرستان اور دیگر دور افتادہ علاقوں کیلئے پولنگ ٹیموں کو اج صبح چھ بجے روانہ کیا گیا ہے اور صبح دس بجے تک 128 ٹیموں نے پولنگ میٹریل اور دیگر سامان اکٹھا کر لیا یے اور حفاظتی عملے کے ساتھ پولنگ سٹاف کی روانگی کا سلسلہ جاری ہے۔
انہوں نے کہا کہ علاقے میں ہلکی بارشیں ہو رہی ہیں اور کوشش ہے کہ پولنگ ٹیموں کو جلد از جلد اپنے اپنے پولنگ سٹیشنوں کی طرف روانہ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ موسمی خرابی کے باوجود الیکشن سے متعلقہ تمام سلسلہ پلاننگ کے مطابق چل رہا ہے۔
واضح رہے کہ اوھم پور-کٹھوعہ-ڈوڈہ اسمبلی نشست پر کل یعنی جمعہ کو پہلے مرحلے میں ووٹ ڈالے جا رہے ہیں اور سولہ لاکھ سے زائد ووٹر کل ملا کر بارہ امید واروں کی قسمت کا فیصلہ محفوظ کریں گے۔
اس نشست پر بھارتیہ جنتا پارٹی کے امیدوار اور موجودہ ممبر پارلیمنٹ ڈاکٹر جتندر سنگھ اور ماضی میں دو بار منتخب ہوئے کانگریس کے امیدوار چودھری لعل سنگھ کے درمیان براہ راست مقابلے کی توقع ہے۔