بارہمولہ میں پاک مقیم 7 ملی ٹینٹ ہینڈلرز کی جائیداد قرق: پولیس

فیاض بخاری

بارہمولہ// بارہمولہ میں پولیس نے ایڈیشنل سیشن کورٹ بارہمولہ کی طرف سے جاری کردہ قرقی کے احکامات کے بعد پاک مقیم ملی ٹینٹ ہینڈلرز کی لاکھوں مالیت کی ملکیت جائیداد قرق کر لی ہے۔
پولیس ترجمان نے بتایا کہ پولیس نے بارہمولہ میں ملی ٹینٹ ہینڈلرز سجاد احمد بٹ ولد غلام محمد ساکنہ باردان، ارشاد احمد خان ولد عبدالعزیز سکنہ پرنگل، گلہ موچی ولد گاما موچی سکنہ لمبر، محمد اسلم خان ولد شاہ زمان سکنہ پرنگل، محمد بیگ ولد عبدالغنی سکنہ اجارہ، خالد میر ولد ایوب سکنہ پرنگل اور رفیق احمد بکروال ولد شمس دین ساکنہ لمبر کی جائیداد (8 کنال، 6 مرلہ ) قرق کی ہے۔
ترجمان نے بتایا کہ یہ کارروائی سی آر پی سی کی دفعہ 88 کے تحت کی گئی ہے اور اس کا تعلق پولیس تھانہ بونیار کے ایک مقدمہ ایف آئی آر نمبر 02/2008 زیرِ دفعہ 2/3 ای آئی ایم سی او ایکٹ، آر پی سی کی دفعہ 120 بی، 121، 124 اور یو اے پی ایکٹ کی دفعہ 19 کی تحت کی گئی ہے۔
اُنہوں نے مزید بتایا کہ پولیس کی طرف سے کی گئی تحقیقات/ تفتیش کے دوران جائیداد کی نشاندہی مفرور افراد کی جائیداد کی طور پر کی گئی ہے۔ آپریشن دہشت گردی کی سرگرمیوں سے نمٹنے کے لیے پولیس نے یہ کارروائی عمل میں لائی۔