پی ڈی پی لوگوں کی آواز کو ہر اس فورم پر بلند کرے گی جہاں سے راحت مل سکے: وحید پرہ

File Image

یو این آئی

سرینگر// پی ڈی پی کے سینئر لیڈر اور سری نگر لوک سبھا نشست کے امید وار وحید پرہ نے نوجوانوں سے ووٹ ڈالنے کی اپیل کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ پی ڈی پی وہ واحد جماعت ہے جس کے لیڈر اور ورکر عوام کی بات کرتے ہیں۔انہوں نے کہا: ‘ہم لوگوں کی آواز کو ہر اس فورم پر بلند کریں گے جہاں سے ہمیں راحت مل سکے’۔
موصوف لیڈر نے ان باتوں کا اظہار یہاں بدھ کے روز ایک ریلی کے حاشیئے پر نامہ نگاروں کے ساتھ بات کرنے کے دوران کیا۔انہوں نے کہا: ‘کاغذات نامزدگی جمع کرکے جو پیغام ہم دینا چاہتے ہیں وہ یہ ہے کہ کشمیر کے نوجوان ووٹ ڈالیں خاص طور پر وہ طبقہ ووٹ ڈالے جو ووٹ نہیں ڈالتا ہے تاکہ پی ڈی پی ملک کے سب سے بڑے ایوان میں لوگوں کی آواز کو پہنچا سکے’۔ان کا کہنا تھا: ‘گذشتہ برسوں کے دوران یہاں خاموشی تھی اور پی ڈی پی وہ واحد جماعت ہے کہ جس کے لیڈر اور ورکر سڑکوں پر لوگوں کی بات کرتے ہیں’۔
وحید پرہ نے عوام سے اپیل کرتے ہوئے کہا: ‘میں عوام سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ ہمیں ایک بار پھر اپنی نمائندگی کرنے کا موقع دیں، ہم کشمیر کی آواز ہر اس فورم پر بلند کریں گے جہاں سے ہمیں راحت مل سکے’۔ان کا کہنا تھا کہ لوگوں کو پی ڈی پی کے ساتھ جذباتی وابستگی ہے۔