ڈوڈہ میں بدنام زمانہ منشیات فروش پی ایس اے کے تحت گرفتار

جموں// جموں وکشمیر کے ضلع ڈوڈہ میں پولیس نے ایک بدنام زمانہ منشیات فروش کے خلاف پبلک سیفٹی ایکٹ (پی ایس اے) کے تحت مقدمہ عائد درج کرکے اس کو گرفتار کیا ہے۔
ایک پولیس ترجمان نے کہا کہ ضلع ڈوڈہ میں ملزم صدام حسین زرگر عرف صنم پونچھی ولد علی محمد زرگر ساکن چنوٹ بھدرواہ کے خلاف منشیات فروشی اور سائیکو ٹراپک مواد ایکٹ 1988 کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا اور اس کو ضلع جیل بھدرواہ میں بند رکھا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مذکورہ منشیات فروش پر یہ مقدمہ منشیات اپنی تحویل میں رکھنے اور ٹرانسپورٹ کرنے کے کام میں مسلسل ملوث رہنے کے پاداش میں عائد کیا گیا۔
ان کا بیان میں کہنا تھا: ’مذکورہ منشیات فروش این ڈی پی ایس ایکٹ کے متعلق کئی جرائم میں ملوث تھا اور اس کے خلاف پولیس اسٹیشن گاندھی نگر اور پولیس اسٹیشن بھدرواہ میں ایف آئی آر درج ہیں۔
موصوف ترجمان نے کہا کہ ان مقدمات کی مناسب کارروائی کی گئی اور ضلع مجسٹریٹ ڈوڈہ ویشی پال مہاجن کی منظوری کے بعد منشیات فروش کو پی ایس اے کے تحت بند کرکے ضلع جیل بھدرواہ منتقل کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ وہ علاقے کے نوجوانوں کے لئے ایک بہت بڑا خطرہ تھا۔
ڈوڈہ پولیس اور انتطامیہ نے ضلع میں منشیات کی وبا کے قلع قمع کو یقینی بنانے کے لئے آپریشن سنجیوانی شروع کیا ہے۔