تازہ برفباری کے باعث مغل روڈ، سرینگر لہہ شاہراہ پر ٹریفک آمد ورفت معطل

File Photo

سری نگر//محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق، گزشتہ شب جموں وکشمیر کے بالائی مقامات پر ہوئی ہلکی برفباری کے باعث تاریخی مغل روڈ اور سرینگر لہہ شاہراہ پر ٹریفک آمد ورفت عارضی طور پر معطل کر دی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق، زوجیلا پاس پر تازہ برف باری کے بعد جمعہ کو سری نگر-لیہہ شاہراہ کو گاڑیوں کی آمدورفت کے لیے بند کر دیا گیا ہے۔
حکام نے بتایا کہ جمعرات کی صبح زوجیلا پاس پر تازہ برف باری ہوئی، جس کے بعد پھسلن کو مدِ نظر رکھ کر ٹریفک کو اگلے احکامات تک روک دیا گیا ہے۔
اُنہوں نے بتایا کہ پیر کی گلی اور ڈبجن علاقوں میں گزشتہ شب سے جاری ہلکی برفباری کے باعث وادی کشمیر کو پونچھ راجوری اضلاع سے ملانے والی تاریخی مغل روڈ کو بھی گاڑیوں کی آمد ورفت کیلئے بند کر دیا گیا ہے۔
دریں اثنا، جموں اور کشمیر پولیس ٹریفک نے اپنے آفیشل ٹویٹر ہینڈل پر بھی تصدیق کی ہے۔
ٹریفک پولیس نے بتایا،”جموں سری نگر قومی شاہراہ پر ٹریفک آمد ورفت جاری ہے۔ مغل روڈ اور ایس ایس جی روڈ تازہ برف باری کی وجہ سے گاڑیوں کی آمدورفت کے لیے بند کر دی گئی ہیں”۔
اُنہوں نے مسافروں اور ٹرانسپورٹروں کو مشورہ دیا ہے کہ موجودہ موسمی صورتحال کو مدِ نظر رکھ کر شاہراہوں پر سفر شروع سے قبل ٹریفک حکام سے رابطہ کریں۔