رام بن حادثہ: وزیرِ اعظم نے مہلوکین کے حق میں ایکس گریشیا کا اعلان کیا

عظمیٰ ویب ڈیسک

رام بن// وزیر اعظم نریندر مودی نے جمعہ کے روز رام بن میں پیش آئے ایک المناک سڑک حادثے میں جانوں کے ضیاع پر تعزیت کا اظہار کیا اور ہر متوفی کے لواحقین کو وزیر اعظم کے قومی ریلیف فنڈ سے 2 لاکھ روپے ایکس گریشیا اور زخمیوں کیلئے 50 ہزار روپے کی امداد دینے کا اعلان کیا۔
یاد رہے کہ جموں سرینگر قومی شاہراہ پر جمعہ کی صبح ایک مسافر ٹیکسی گہری کھائی میں گرنے سے کم از کم دس افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔
ایکس پر ایک پوسٹ میں، وزیرِ اعظم کے دفتر نے کہا، “وزیرِ اعظم مودی نے جموں و کشمیر کے رام بن میں حادثے پر غم کا اظہار کیا ہے اور سوگوار خاندانوں سے تعزیت کی ہے اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی ہے”۔
اُنہوں نے مزید کہا، “پی ایم این آر ایف کی طرف سے 2 لاکھ روپے کی ایکس گریشیا ہر متوفی کے لواحقین کو دی جائے گی۔ زخمیوں کو 50 ہزار روپے دیے جائیں گے”۔